پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے،ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہونا چاہئے،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

147
پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہیے ،نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ

ڈیووس۔17جنوری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے کہا ہے کہ پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہئے،ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم نہ ہونے سے تنازعات بڑھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو عالمی اقتصادی فورم کے زیرِ اہتمام منعقدہ ’’ٹریڈ ٹیک ٹریلین ڈالر پرامس ‘‘کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پائیدار ترقی کے لئے یکساں مواقع کی فراہمی ضروری ہے، ڈیجیٹل اکانومی آنے والے دور میں اہمیت کی حامل ہو گی ، میری رائے میں جو معاملہ حل کرنے کی ضرورت ہے وہ معاشی مسابقت نہیں بلکہ سٹرٹیجک مسابقت ہے۔

سٹرییجک مسابقت معاشی مسابقت پر حاوی ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے دنیا کا ہر خطہ مستفید ہوناچاہئے، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی ضروری ہے،تجارتی اور کاروباری چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے نجی شعبہ کو حکومت کی مدد کیلئے آگے آنا چاہئے، نجی اداروں کو کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے رائے عامہ ہموار اور اس سلسلہ میں اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں اس وقت جو ترقی ہو رہی ہے دنیا کے ہر خطہ کو اس سے مستفید ہونا چاہئے، وقت کے ساتھ مسائل کا حل ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کے لئے جدید ٹیکنالوجی پر انحصار کرنا ہو گا، سب کےلئے ٹیکنالوجی کا مساوی حصول یقینی ہونا چاہئے ، صحت کی خدمات سے لےکر سماجی شعبے تک اس کے اثرات پڑتے ہیں، ٹیکنالوجی کی صورت میں جب سٹرٹیجک مسابقت بڑھتی ہے تو اس سے ترقی یافتہ ممالک 21 ویں صدی میں سائنس کی ترقی سے زیادہ مستفید ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم نہیں ہو گی تو اس سے تنازعات مزید بڑھیں گے۔ اس معاملے کو زیر غور لانے کی ضرورت ہے۔ ٹیکنالوجی کی مساوی تقسیم سے معاملات کوبہتر بنانے میں مدد ملے گی۔