ریجن میں بجلی چوروں کیخلاف بلا تفریق آپریشن جاری ،اب تک 163زمینداروں سمیت4740بجلی چوروں کو33کروڑ65لاکھ روپے سے زائدکے جرمانے عائدکئے گئے ، گیپکو

40
Gepco

گوجرانوالہ۔ 19 جنوری (اے پی پی):گوجرانوالہ الیکٹرک پاورکمپنی(گیپکو)ریجن بھر میں بجلی چوروں کیخلاف بلا تفریق آپریشن جاری ہے،حالیہ آپریشن میں اب تک 163زمینداروں سمیت4740بجلی چوروں کو33کروڑ65لاکھ روپے سے زائدکے جرمانے کئے گئے ہیں جبکہ ایف آئی آرکے اندراج کے بعداب تک3309بجلی چوروں کوگرفتاربھی کیا گیاہے۔

تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کی ہدایات پرگیپکو ریجن میں بجلی چوروں کے خلاف چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب کی زیر نگرانی میں ہونے والے آپریشن کے دوران گیپکو سرویلنس ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کے نتیجہ میں اب تک سٹی سرکل سے1160، کینٹ سرکل سے1097، گجرات سرکل سے456، سیالکوٹ سرکل سے846، نارووال سرکل سے633، اور منڈی بہاولدین سرکل سے548جبکہ ریجن بھرسے مجموعی طور پر4740 بجلی چور رنگے ہاتھوں بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑاگیا ۔

مختلف حربوں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے جانے والوں کو گیپکو کی جانب سے85لاکھ 76ہزارسے زائد یونٹس کی مد میں33 کروڑ65لاکھ روپے سے زائد کے ڈیٹکشن بل جاری کردیئے گئے ہیں جبکہ تما م بجلی چورورں کے خلاف متعلقہ تھانوں میں ایف آئی آر کے اندراج کے لئے درخواستیں بھی دے دی گئی ہیں۔

اس حوالے سے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد ایوب نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے ناسور کے خاتمے کیلئے ریجن کے تمام اضلاع میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے بجلی چوروں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ بلا تفریق جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گیپکوکی ٹیمیں بجلی کے میٹرز کسی بھی دبائو کے بغیر چیک کر رہی ہیں اور بجلی چوری اور سہولت کاری پر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور اب تک متعلقہ صارفین کوبجلی چوری کی مد میں 33 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے ہیں جبکہ ایف آئی آرز کے اندراج کے بعد 3309بجلی چور گرفتار کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے گیپکوافسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے عوام الناس سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی چوروں کے خلاف جاری اس جنگ میں گیپکو کا ساتھ دیں اپنے ارد گرد د بجلی چوروں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کی اطلاع فوری گیپکو کی ہیلپ لائن 118 پر دیں کیونکہ بجلی چوری کے خاتمہ سے ہی آپ کو سستی، معیاری اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن ہے۔