24.3 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومعلاقائی خبریںوزیراعلیٰ سندھ کا امتحانی گریڈنگ سسٹم میں شفافیت،درستگی اور معیار کو بڑھانے...

وزیراعلیٰ سندھ کا امتحانی گریڈنگ سسٹم میں شفافیت،درستگی اور معیار کو بڑھانے کے لیے او ایم آر اور ای مارکنگ سسٹم کا افتتاح

- Advertisement -

کراچی۔ 20 جنوری (اے پی پی):نگراں وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے امتحانی گریڈنگ سسٹم میں شفافیت، درستگی اور معیار کو بڑھانے کے لیے آپٹیکل مارک ریکگنیشن (او ایم آر) اور ای مارکنگ سسٹم کا افتتاح کیا،2025 میں صوبے میں اسی نظام کے تحت امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ متعلقہ ایگزامینرز وافسران کو 2024 سے اس کی باقاعدہ تربیت دی جائے گی۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ کے تحت سسٹم سپورٹ لیب کے آلات فراہم کیے ہیں جس سے ہارڈویئر اور سافٹ ویئر کے ساتھ ساتھ بی آئی ایس ای کی کارکردگی اور صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

- Advertisement -

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمیں اس وقت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ہمارا تعلیمی نظام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوتے ہوئے درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ہمارا مقصد اپنے طلباء کی قابلیت، صلاحیت اور علمی ذہانت کا درست انداز میں جائزہ لیناہے اور معاشرے سے تعصبانہ سوچ کا خاتمہ کرنا ہے۔ ہر اہم منزل کی طرف بڑھنے کے لیے پہلا قدم انتہائی اہم ہوتا ہے۔

حکومت سندھ صوبے میں شعبۂ تعلیم کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے اصلاحات نافذ کر رہی ہے۔ان میں سندھ سیکنڈری ایجوکیشن امپروومنٹ پراجیکٹ (ایس ایس ای آئی پی) اپنی منفرد خصوصیات کے حوالے سے نمایاں ہےجو ہمارے تعلیمی نظام کا ہر پہلو سے جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی نظام کو مزید بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ایس ایس ای آئی پی، اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایک اہم اقدام ہے جسے ایشین ترقیاتی بینک کی ٹیکنیکل اور مالی معاونت سے مزید مستحکم کیا جارہا ہے اور یہ چار اجزا پر مشتمل ہے جس میں سے ایک صوبے میں امتحانی اصلاحات کے لیے اپنی خدمات وقف کررہا ہے۔

اس وقت تقریباً تمام بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (بی آئی ایس ای) امتحان سے متعلقہ کام مینول یا جزوی طور پر الیکٹرانک سسٹم کے تحت انجام دے رہی ہے، بشمول ایڈمنسٹریشن، پیپر سیٹنگ، مارکنگ، اور رزلٹ کمپلیشن وغیرہ شامل ہیں۔ہمارے امتحانی نظام میں ایک اہم چیلنج طلبہ کی دلچسپی کو نصاب کی جانب گامزن کرنا اور اسے جدید طرز پر متعارف کرانا ہے تاکہ بچوں میں واضح بہتری آئے اور ان کی اسکلز میں اضافہ ہو،ساتھ ساتھ ان کے تنقیدی شعور میں اضافہ ہو۔ایس ایس ای آئی پی صوبے کے تمام سات بورڈز میں ڈیجیٹل امتحانی اصلاحات نافذ کر رہا ہے۔

پروجیکٹ کا مقصد امتحانی گریڈنگ سسٹم میں شفافیت، درستگی اور معیار میں بہتری لانا ہے جس کےلیے آپٹیکل مارک ریکگنیشن اور ای مارکنگ سسٹم متعارف کرایا گیاہے۔بی آئی ایس ای کے 400 ملازمین کو یہ تربیت دی جائے گی، جن میں گریڈ 9 تا 12 کو آئٹم رائٹنگ اینڈ ایگزامینیشن ڈویلپمنٹ کی تربیت دی جائے گی جبکہ 85 بی آئی ایس ای اسٹاف ممبران کو او ایم ار اور ای مارکنگ آپریشنز، ڈیٹا کے تجزیہ اور تحقیق میں تربیت سے مستفید ہوں گے۔ان چیلنجز نے حکومت کو امتحانی اصلاحات کی طرف مبذول کیا تاکہ جدید پیرامیٹرز پر امتحانی نظام کو بہتر بنایا جا سکے تاکہ ہماری نسل جدید چیلنجوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہو۔

ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ ایک بار جب یہ اصلاحات تمام بی آئی ایس ای پر لاگو ہو جائیں گی، تو ہم بہت جلد اس کے مثبت اثرات سے فیضیاب ہوں گے جس سے ہمارے امتحانی نظام مضبوط اور والدین کا اعتماد بحال ہوگا۔ افتتاحی تقریب وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوئی۔

تقریب میں وزیر تعلیم رعنا حسین، چیف سیکرٹری ڈاکٹر محمد فخر عالم، ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر ایشین ڈیولپمنٹ بینک اسد علیم، سینئر پورٹ فولیو مینجمنٹ آفیسر خرم بٹ، چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ شکیل احمد منگنیجو، سیکرٹری یو اینڈ بی نور سمو، سیکرٹری اسکولز ایجوکیشن شیرین ناریجو، سیکرٹری کالج ایجوکیشن صدف حنیف، چیئرمین بی آئی ایس ای،کراچی کمشنر سلیم راجپوت، چیئرمین بی آئی ایس ای میرپورخاص ذوالفقار شاہ اورچیئرمین ایجوکیشن بورڈ ز حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور شہید بینظیر آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر ایس ایس ای آئی پی ڈاکٹر حمزہ ٹگڑ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کی۔ ایشین بینک کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر نے او ایم آر اور ای مارکنگ آپریشن سسٹم کے لیب آلات وزیراعلیٰ سندھ کے حوالے کیے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431756

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں