24.3 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومعلاقائی خبریںلیاری کی عوام کے لیے ککری گرائونڈ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر...

لیاری کی عوام کے لیے ککری گرائونڈ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا،میئر کراچی

- Advertisement -

کراچی۔ 20 جنوری (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ لیاری میں کھیلوں کے اعتبار سے بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، لیاری کی عوام کے لیے ککری گرائونڈ میں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر سے کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، نوجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں اور کراچی کے تمام اضلاع میں کھیلوں کے لئے اقدامات کررہے ہیں تاکہ اسپورٹس کے انفراسٹرکچر کو وسعت دی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ککری گرائونڈ لیاری میں فٹ بال میچ کا کک لگا کر افتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی کے نمائندہ خصوصی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی کمشنر ضلع جنوبی، پولیو کی ٹیم اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

- Advertisement -

لیاری ککری گرائونڈ میں فٹ بال میچ کا انعقاد محکمہ صحت ضلع جنوبی کی جانب سے کیا گیا ۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہم ایک جامع منصوبہ بندی کے ساتھ مسائل کو حل کرنے کے لیے میدان عمل میں اترے ہیں، کراچی میں مختلف کھیلوں کے لئے باصلاحیت نوجوان موجود ہیں۔ اس شہر نے ملک کو کرکٹ، ہاکی، اسنوکر، اسکواش اور دیگر کھیلوں میں چیمپئنز دیئے ہیں۔

دنیا کے تمام بڑے اور ترقی یافتہ شہروں میں نوجوانوں کے لئے کھیلو ں کی زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جاتی ہیں تاکہ ان کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے، ہم شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دے رہے ہیں، کے ایم سی اس حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہے اور ہرممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مختلف اضلاع میں کھیل کے میدانوں، اسٹیڈیمز اور اسپورٹس کمپلیکسز کو بہتر بنایا جارہا ہے، نوجوانوں کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس قسم کی سرگرمیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=431808

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں