لاہور۔21جنوری (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو )انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی بجلی چوروں کیخلاف آپریشن جاری ہے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں429کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ،تمام بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائرکی گئیں جس میں سے177درخواستیں رجسٹرڈ اور22ملزمان کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پکڑے جانے والے کنکشنز میں8کمرشل،ایک زرعی اور420ڈومیسٹک تھے، تمام کنکشنز منقطع کرکے3لاکھ49ہزار ایک سوچوبیس یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ37لاکھ 88 ہزار78 روپے ہے۔ ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز بھی منقطع اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔
چونیاں کے علاقے میں کنکشن کو880000روپے،جوہر ٹائون کے علاقہ میں کنکشن کو300000روپے،جوہر ٹائون کے ہی علاقے میں کنکشن کو250000روپے اورمصری شاہ کے علاقے میں ایک کنکشن کو200000روپے چارج کیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق134 روز سے جاری انسداد بجلی چوری مہم کے دوران اب تک17258ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ مجموعی طور پر46337ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،45883 کنکشن کیخلاف ایف آئی آر کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے43177درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں۔
اسی طرح بجلی چوروں کو اب تک 6 کروڑ 69لاکھ 29 ہزار331 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت2 ار ب 59 کروڑ95لاکھ970روپے ہے۔اس حوالے سے لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔