وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام عالمی یوم تعلیم کے سلسلہ میں انگریزی تقریری مقابلوں کا انعقاد

96

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام عالمی یوم تعلیم کے سلسلہ میں ” لرننگ فار لاسٹنگ پیس” کے عنوان سے انگریزی تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ منگل کو وفاقی تعلیمی بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ تقریری مقابلے عالمی یوم تعلیم کے سلسلہ کا حصہ تھےجو ہر سال 24 جنوری کو منایا جاتا ہے، مقابلے میں فیڈرل بورڈ سے الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ حصہ لیا۔ ڈائریکٹر ریسرچ مرزا علی نے مہمانِ خصوصی چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم،طلبہ و طالبات،اساتذۃ،جج صاحبان اور معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ کی بنیادی ذمہ داری امتحا نات کا انعقاد ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ بچوں کی شخصیت کی مضبوطی اور ان کی دیگر صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لئے ایسے مقابلہ جات بھی منعقد کئے جاتے ہیں،ہار جیت اہم نہیں آپ کی شمولیت اہم ہے اور حصہ لینے والے سب بچے فاتح ہیں۔ ان تقریری مقابلوں میں ایئر فورس سیکورٹی فورسز پبلک سکول اسلام آباد کی طالبہ علیزہ احمد نے پہلی ،اے پی ایس فورٹ روڈ راولپنڈی کی طالبہ عشباہ خان نے دوسری اور رینجر کیڈٹ کالج چکری راولپنڈی کے طالب علم عبدالرحمٰن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصر عالم نے بچوں میں اسناد اور نقد انعامات تقسیم کئے۔