لاہور۔27جنوری (اے پی پی):پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے انتظامیہ کو بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب نے کہا ہے کہ آج سے 31 جنوری پنجا ب کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
مری، گلیات کے علاقوں میں 27 سے 31 جنوری ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ہے۔ راولپنڈی، گجرانوالا، لاہور، نارووال،منڈی بہائوالدین،میانوالی اور سرگودھا میں 30اور 31 جنوری بارش ہوگی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ مری اور گلیات میں برف باری سے سڑکوں کی صورت حال خراب ہوسکتی ہے۔ سیاحو ں کو خبر دار کیا جاتا ہے کہ موسمی صورتحال چیک کئے بنا سفر مت کریں۔پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈ نگ کے امکانات ہیں جس سے سڑکیں بلاک ہو سکتی ہیں۔
اچانک سردی کی شدت میں اضافے سے بچائو کیلئے تیار رہیں۔ بریفنگ کے دوران ترجمان نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ صوبائی اور قومی اداروں کے درمیان چوبیس گھنٹے معلومات کے تبادلے کا نظام موجود ہے۔
ریسکیو ادارے موسمی صورت حال کے پیش نظر چوبیس گھنٹے الرٹ ہیں۔ مین سٹریم اور لوکل میڈیا کے ذریعے بھی معلومات عوام الناس تک پہنچائی جار ہی ہیں۔ انتظامیہ کو بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کو خاص طور پر محتاط رہنے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریفک پولیس کو دھند سمیت موسم بارے باقاعدگی سے اطلاعات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔