معروف شاعر، نعت خواں مظفر وارثی کی برسی اتوار کو منائی گئی

372
Muzaffar Warsi
Muzaffar Warsi

اسلام آباد۔28جنوری (اے پی پی):اردو کے ممتاز شاعر، نقاد، مضمون نگار، گیت نگار اور دانشور مظفر وارثی کی برسی اتوار کو منائی گئی۔ اس موقع پر ان کی علمی و ادبی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ 23مظفر وارثی دسمبر 1933 کو میرٹھ میں پیدا ہوئے ان کا نام محمد مظفر الدین صدیقی تھا اور وہ قلمی نام ‘وارثی’ استعمال کرتے تھے۔ مظفر وارثی نے اپنی شاعری کا آغاز پاکستانی فلموں کے گیت لکھ کر کیا لیکن رفتہ رفتہ رخ بدلتے گئے اور ان کی شاعری کا انداز حمد و نعت لکھنے کی طرف بڑھ گیا۔

وہ پاکستان کی چند ممتاز آوازوں میں سے ایک اور ممتاز شاعروں میں سے ایک تھے۔مظفر وارثی نے غزل، نظم، نعت اور حمد سمیت شاعری کی ہر صنف پر طبع آزمائی کی۔ منفرد اسلوب اور موضوعات کے تنوع نے مظفر وارثی کو اپنے عہد کے شاعروں میں نمایاں کیا۔ مظفر وارثی نے ’’نعتیہ شاعری‘‘ کو ایک نئے انداز کے ساتھ روشناس کرایا اور ’’یا رحمت اللہ العالمین‘‘ جیسی نعتیں ادبی ذوق رکھنے والوں میں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ 1988 میں حکومت پاکستان کی طرف سے مظفر وارثی کو پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مظفر وارثی کا انتقال 28 جنوری 2011 کو لاہور میں ہوا تھا۔