ایس ای سی پی نے اسلامک فنانس بلیٹن شائع کر دیا

60
SECP

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے مالی سال 23۔2022 کے لئے اپنا پہلا ’’اسلامک فنانس بلیٹن‘‘ شائع کیا ہے۔ بلیٹن میں اسلامی مالیاتی شعبے کے تازہ ترین اعداد و شمار ، ریگولیٹری اصلاحات و پالیسیوں اور اس شعبے میں ہونے والی نئی پیشرفت کےحوالے سے جامع معلومات فراہم کی گئی ہیں ۔ اسلامک فنانس بلیٹن میں اسلامی مالیاتی خدمات کی صنعت ، بشمول اسلامک کیپٹل مارکیٹس، نان بینکنگ مالیاتی ادارے، اور تکافل کے بارے میں ضروری معلومات شامل کی گئیں ہیں جبکہ ایس ای سی پی کی پالیسیوں، ریگولیٹڈ سیکٹرزشعبوں کے بارے میں مستقبل کے تناظر کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔

ایس ای سی پی نے حال ہی میں ریگولیٹڈ اسلامک فنانس سیکٹر کا تشخیصی جائزہ پیش کیا تھا جس میں پالیسی سفارشات کے ساتھ اس شعبے کے حوالے سے معلومات اور ڈیٹا کی فراہمی کی سفارش بھی کی گئی تھی۔ اسی تسلسل میں ، ایس ای سی پی کے اسلامک فنانس کے محکمہ نے اسلامی مالیات پر سہ ماہی ڈیٹا شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ یہ اسلامک فنانس بلیٹن 30 جون 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران اسلامی مالیات کا جائزہ پیش کرتا ہے۔

گزشتہ چند سالوں میں ، معاشی چیلنجوں کے باوجود، پاکستان کے اسلامی مالیاتی شعبے نے نمایاں ترقی کی ہے، اور اب ملک کے مالیاتی منظرنامے میں اہم حصہ کے طور پر ابھر رہا ہے۔ فیڈرل شریعت کورٹ نے ملک سے رباء کو ختم کرنے اور پانچ سالوں میں معیشت کو اسلامی ڈھانچے میں تبدیل کا فیصلہ دیا تھا، جس کے بعد اس شعبے میں مسلسل ترقی ہو رہی ہے۔ مزید برآں، اسلامی بینکاری کے اعداد و شمار اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے شائع کردہ اسلامی بینکنگ بلیٹن میں دئے جاتے ہیں۔