سی پیک دونوں ممالک کیلئے مشترکہ تعاون کی شاندار مثال بن چکا ہے، سی پیک حکام

68
CPEC officials
CPEC officials

اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ دونوں ممالک کیلئے مشترکہ تعاون کی شاندار مثال بن چکا ہے، منصوبے کے تحت گوادر پورٹ، توانائی کے منصوبے، ٹرانسپورٹیشن اور انفراسٹرکچر کی تعمیر 10 سالوں سے جاری ہے۔ سی پیک حکام کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کی وجہ سے گوادر پورٹ ماہی گیروں کا چھوٹا سا گائوں نہیں رہابلکہ گوادر پورٹ پر کثیر المقاصد ٹرمینل تعمیر کیا گیا ہے جس میں 20 ہزار ٹن وزنی تین برتھیں ہیں جس سے سمندری راستے کھل رہے ہیں۔

گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی طرف جاتا ہے، گوادر آزاد تجارتی زون کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جس میں فرٹیلائزر، فشری پروسیسنگ، زرعی ترقی، سیاحت اور بینکاری سمیت 46 ادارے موجود ہیں جبکہ آزاد تجارتی زون کا دوسرا مرحلہ زیر تعمیر ہے، گوادر ایگزیبیشن سینٹر اور بزنس سینٹر کا قیام بھی عمل میں آ چکا ہے۔

چین کی امداد سے تعمیر شدہ سکول اور ہسپتال مقامی افراد کو صحت و تعلیم کی سہو لیات فراہم کر رہے ہیں، مقامی لوگوں کی توانائی کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گھریلو سولر پینل آلات کے 4 ہزار سیٹس گوادر کے لوگوں کو عطیہ کے طور پردیئے۔ گوادر ڈی سیلینیشن پلانٹ منصوبے کی تکمیل کے بعد پانی کی قلت کا مسئلہ بھی حل ہوجائے گا۔ سی پیک منصوبے نے مقامی معیشت اور معاشرے کی ترقی کو فروغ دینے ، روزگار میں اضافہ سمیت لوگوں کے معاش کو بہتر بنایا ہے اور مقامی افراد کو ٹھوس فوائد پہنچائے ہیں۔