ثقافت اور فنون لطیفہ کی تمام شاخیں دنیا کو بہترین مستقبل کے چینی نظریے کو ممکن بنا سکتی ہیں، سربراہ نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ

55

اسلام آباد۔30جنوری (اے پی پی):نیشنل لینگویج پروموشن ڈیپارٹمنٹ (این ایل پی ڈی)کے سربراہ ڈاکٹر سلیم مظہر نے کہا ہے کہ ثقافت اور فنون لطیفہ کی تمام شاخیں دنیا کو اس بہترین، خوشحال اور مشترکہ مستقبل کے نظریے کو ممکن بنا سکتی ہیں جو چین نے دنیا کو پیش کیا۔

منگل کو اے پی پی کو انٹرویو میں انہوں نے کہاکہ چین اور پاکستان کے درمیان تاریخی دوستی اور دنیا کے بہترین دوطرفہ تعلقات ہونے کے باوجود ہمیں ایک دوسرے کے رہن سہن اور تہذیب و ثقافت کے بارے میں مزید آگاہی کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سلیم مظہر نے کہا کہ چین ہی وہ واحد ملک بھی ہے جس نے دنیا کو کہا کہ ہمارا مستقبل مشترک ہے، ہم ایک دوسرے سے سیکھ اور مدد کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعلقات سے نوجوان نسل کو مکمل طور پر مستفید ہونے کے لیے تیار کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اس کے لیے اردو زبان اور چینی زبان کے فروغ کو بنیاد بنایا جانا چاہیے، ہمیں تعلیمی اداروں کو سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کو بہتر مستقبل کی جانب سفر کے لانچنگ پیڈ کے طور پر استعمال کرنا ہوگا۔

سی ایم جی سے گفتگو میں سربراہ این ایل پی ڈی نے کہا کہ چین کے بارے میں دنیا کے خیالات مثبت ترین ہو رہے ہیں، چین کی صنعتی ترقی کی پوری دنیا معترف ہے، ہمیں اپنی نوجوان نسل اور اساتذہ کو اس قابل بنانا ہوگا کہ وہ اس بارے میں آگاہی فراہم کرنے اور ذہن سازی کرتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی کے لئے کام کریں۔