ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 81091 گاڑیوں کے چالان اور 228 گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے، آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز

87
Islamabad Traffic Police
Islamabad Traffic Police

اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس سلمان چوہدری نے کہا ہے کہ موٹر وے پولیس نے ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 81091 گاڑیوں کے چالان کئے، 228 اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت اجلاس کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اوور لوڈڈ گاڑیوں کو موٹرویز اور ہائی ویز استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ اس حوالے سے انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس سلمان چوہدری کی زیر صدارت آپریشنل میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ میٹنگ میں موٹرویز اور ہائی ویز پر 100 فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر عمل درآمد کے حوالے سے اہداف کا بغور جائزہ لیا گیا۔100 فیصد ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم کے نفاذ سے اب تک ملک بھرکی قومی شاہراہوں پر موٹر وے پولیس نے ایکسل لوڈ کی خلاف ورزی پر 81091 گاڑیوں کے چالان کئے، 228 اوور لوڈ گاڑیوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور 16884 گاڑیوں کو واپس کروایا گیا ہے جبکہ ہزاروں گاڑیوں سے اضافی سامان بھی اتارا گیا۔اس موقع پر انسپکٹر جنرل سلمان چوہدری نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ایکسل لوڈ کنٹرول رجیم پر 100 فیصد عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے زونل اور سیکٹر کمانڈرز سرپرائز چیکنگ اور مانیٹرنگ کریں۔

اوولوڈنگ پرقابو پانے کیلئے خصوصی طور پر ٹائر پر یشر گیج چیکنگ پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس قومی شاہراہوں سے اوورلوڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے پرعز م ہے جس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ قومی شاہراہوں پر قائم وزن کے لئے سٹیشنز پر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی نگرانی میں زائد وزن والی گاڑیوں سے اضافی سامان اتارا جا رہا ہے اور بھاری جرمانوں کے ساتھ اوور لوڈڈ گاڑیوں کو واپس بھی کروایا جا رہا ہے۔

سامان کی ترسیل کرنے والے پاکستان کے تمام بڑے اداروں، مارکیٹس، منڈیوں، سیمنٹ بنانے والے کار خانوں اور گڈز ٹرانسپورٹ کمپنیوں کو اوور لوڈنگ کے نقصانات کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کرتے ہوئے سخت وارننگ دی گئی ہے ۔ ملک بھر سے ٹرانسپورٹ یونین اور مالکان نے اوور لوڈنگ کے خاتمے کیلئے موٹروے پولیس کی طرف سے کئے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

آئی جی سلمان چوہدری نے کہا کہ اوورلوڈنگ ایک قومی مسئلہ ہے جس کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا، یہ نہ صرف حادثات بلکہ قیمتی شاہراہوں کی تباہی کا بھی باعث بنتی ہے، لہذا اوور لوڈڈ گاڑیوں کو موٹرویز اور ہائی ویز استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے اور شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی لازمی کرنا ہو گی۔