جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں اظہار یکجہتی کیلئے پاکستان کی حکومت اور عوام نے یوم یکجہتی کشمیر منایا

128

اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام نے پیر کو یوم یکجہتی کشمیر منایا تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جا سکے۔صدر، نگران وزیراعظم اورنگران وزیر خارجہ نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی تجدید کی ہے۔

نگران وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کے صدور، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خطوط لکھے ہیں تاکہ انہیں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا جا سکے۔

ان خطوط میں وزیر خارجہ نے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ جموں و کشمیر کے عوام اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منصفانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے مستقبل کا تعین کر سکیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قیادت پر بھی زور دیا ہے کہ وہ بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے اور کشمیری سیاسی قیدیوں اور اختلاف رائے رکھنے والوں کی رہائی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اسلام آباد میں مقیم سفارت کاروں کو مقبوضہ کشمیرکی صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے ایک بریفنگ کا اہتمام کیا گیا۔دن کے آغاز پر وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ کی عمارت تک یوم یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت اطلاعات، نجکاری، ثقافت اور مذہبی امور کے وزرا نے کی۔ واک میں وزارت کے افسران اور عملے نے سکول کے بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ شرکت کی۔

ملک بھر اور دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنز میں سیمینارز، ویبنارز، پینل ڈسکشنز اور تصویری نمائشوں سمیت دیگر سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا اور کشمیریوں کو اپنی سرزمین میں ایک بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنے کی بھارت کی کوششوں کے سنگین مضمرات کو اجاگر کرنا ہے۔