اسلام آباد۔7فروری (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوریا کی ضروریات کو پوراکرنے کیلئے فاطمہ فرٹیلائزراورایگری ٹیک کوگیس وآرایل این جی کی فراہمی سے متعلق سمری کی منظوری دیدی ہے، اجلاس میں ڈیجیٹل انفارمیشن انفراسٹرکچر انیشئٹو کیلئے 10 ارب روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی گئی، یہ فنڈز قومی اہمیت کے معلوماتی ڈھانچہ کو ممکنہ سائبرحملوں اوراسے ہرقسم کے سیکیورٹی بریچ سے بچانے کیلئے تکنیکی صلاحیتوں اوراستعداد میں بہتری کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کااجلاس منگل کویہاں نگراں وفاقی وزیرخزانہ،محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترکی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگراں وزیرتوانائی محمدعلی، وزیرمنصوبہ بندی سمیع سعید، وزیرمواصلات شاہداشرف تارڑ، وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی عمرسیف، ڈپٹی چیئرمین منصوبہ بندی کمیشن ڈاکٹرمحمدجہانزیب خان، مشیرخزانہ ڈاکٹروقارمسعود، وفاقی سیکرٹریز اورمتعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سمری پرجاری مالی سال کے دوران ڈیجیٹل انفارمیشن انفراسٹرکچر انیشئٹو کیلئے 10 ارب روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دیدی گئی
یہ فنڈز قومی اہمیت کے معلوماتی ڈھانچہ کو ممکنہ سائبرحملوں اوراسے ہرقسم کے سیکیورٹی بریچ سے بچانے کیلئے تکنیکی صلاحیتوں اوراستعداد میں بہتری کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ اجلاس میں سوئی ڈویلپمنٹ اینڈ پراڈکشن لیز کی ری گرانٹ سے متعلق وزارت پیٹرولیم کی سمری کاجائزہ لیاگیا۔
بلوچستان کی حکومت نے اس تجویز کی تائید کی جس کے بعد ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔ وزارت بحری امورکی سمری پرای سی سی نے پاکستان فش انسپیکشن اینڈکوالٹی کنٹرول رولز 1998کے تحت سرٹیفکیٹ آف کوالٹی اینڈ اوریجن و دیگر سرٹیفکیٹس کی نظرثانی شدہ فیس کی منظوری دیدی۔ ای سی سی نے وزارت کو اس ضمن میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع ڈھونڈنے کی ہدایت بھی کی۔
وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی سمری پرای سی سی نے کسان پیکج کے تحت فارم میکنائزیشن سکیم میں توسیع کی تجویز کی منظوری دیدی۔ اجلاس میں وزارت توانائی کی جانب سے ربیع سیزن 2023-24 کیلئے یوریا کی ضروریات سے متعلق ای سی سی کے فیصلہ پرنظرثانی سے متعلق سمری پیش کی گئی، ای سی سی نے سمری کی منظوری دیدی۔ اجلاس کوبتایاگیا کہ اس میں سبسڈی کاعنصرشامل نہیں ہوگا۔
اجلاس میں پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی 2023 کے مطابق موجودہ اوربراون فیلڈریفائنریز کی اپ گریڈیشن کیلئے ڈیڈ آف سیٹلمنٹ سے متعلق سمری کاجائزہ لیاگیا، ای سی سی نے نوٹ کیاکہ وزارت خزانہ کی جانب سے تٖصفیہ کیلئے جوتجویز دی گئی ہے وہ مناسب ہے اور پیٹرولیم ڈویژن نجی پارٹی کو اس حوالہ سے پیشکش کرسکتی ہے۔
اجلاس میں فاطمہ فرٹیلائزراورایگری ٹیک کوگیس وآرایل این جی کی فراہمی سے متعلق سمری کی منظوری دیدی گئی، علاوہ ازیں میسرز یونائیٹڈ انرجی پاکستان کے موہرفیلڈ سے سوئی سدرن کو گیس کی فراہمی سے متعلق سمری کی بھی منظوری دیدی گئی۔