صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کا ووٹرز کیلئے پیغام، پریزائیڈنگ افسران کیلئے فارم 45کے بارے ہدایات

154
Election Commission
Election Commission

لاہور۔7فروری (اے پی پی):صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے صوبہ بھر کے ووٹرز کیلئے اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ووٹرز آج8 فروری کو ووٹ ڈالنے کے لیے اپنے گھروں سے نکلیں اور بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں، انہیں ایسا ماحول مہیا کیا جائے گا کہ پر امن طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔

ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز پر تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے، جیسا کہ پانی، بجلی، مناسب سکیورٹی انتظامات اور پولنگ اسٹیشن کا نزدیک فاصلے پر قیام شامل ہے۔

علاوہ ازیں صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے ریٹرننگ افسران کو ہدایات جاری کیں کہ وہ یقینی بنائیں گے کہ پریذائیڈنگ افسران فارم 45تندہی سے تیار کریں،فارم پر خود دستخط اور پولنگ ایجنٹس کے بھی دستخط کرائیں گے۔

اسی طرح پریذائیڈنگ افسر دستخطوں کے بعد فارم 45پولنگ اسٹیشنز کے باہر آویزاں کریں گے، فارم 45انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائیگا جبکہ ہدایات پر عمل نہ کرنیوالے پریذائیڈنگ افسران کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔