صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولنگ کا عمل پرامن انداز میں مکمل ہو گیا،سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے

117
Polling process
Polling process

لاہور۔8فروری (اے پی پی):صوبائی دارالحکومت لاہور میں12 ویں عام انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل پرامن اور احسن انداز میں مکمل ہو گیا۔ اس موقع پر پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ۔

شہر کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے کے اکا دکا واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن طور پر خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔ سردی کے موسم کے باوجود لوگوں نے جوش و جذبہ سے انتخابی عمل میں حصہ لیا،علی الصبح ٹرن آئوٹ کم رہا تاہم دوپہر کے بعد ٹرن آئوٹ میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ الیکشن کمیشن پنجاب نے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ کے اوقات مقرر کئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنوں کی حدود میں موجود ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی۔

قومی اسمبلی کے 14 اور صوبائی اسمبلیوں کے 30 حلقوں کیلئے شہر بھر میں پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے اور صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک پولنگ کا عمل جاری رہا، پولنگ مکمل ہونے کے بعد گنتی کا عمل بھی شروع ہو گیا،صوبائی دارالحکومت میں مرد وخواتین سمیت 68لاکھ 50ہزاررجسٹرڈ ووٹرز کے لیے 4354 پولنگ اسٹیشز اور 12988 پولنگ بنائے گئے ۔کل 4624 پریزائڈنگ آفیسرز،27484 اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسراور 13741 پولنگ آفیسر ز نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی سربراہی میں 44 ریٹرننگ آفیسرز اور 88 اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔سیکورٹی کے حوالے سے لاہور میں پولنگ اسٹیشنز کو 3 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا۔1120 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس، 3107 کو حساس جبکہ 127 کو نارمل قرار دیا گیا۔ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں قومی اسمبلی کی کل 14(این اے 117 سے این اے 130 )اور پنجاب اسمبلی کی کل 30( پی پی 145 سے پی پی 174)سیٹوں پر انتخابات کا عمل مکمل ہوا۔