چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا الیکشن کے پرامن انعقاد پرپوری قوم کو مبارکباد

122
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا الیکشن کے پرامن انعقاد پرپوری قوم کو مبارکباد

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے الیکشن کے پرامن انعقاد پرپوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات کے پرامن انعقاد جیسے اہم ترین قومی فریضہ اور آئینی ذمہ داری کی تکمیل میں کمیشن کے سرخرو ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔

جمعرات کو قوم کے نام اپنے پیغام میں چیف الیکشن کمشنر نے پاکستانی عوام اور تمام اداروں بشمول نگران قومی اور صوبائی حکومتوں،سیاسی جماعتوں،سکیورٹی اداروں،پولیس اور سول ایڈمنسٹریشن، پاکستان آرمی،قومی میڈیا، ووٹرز، ریٹرنگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اور دیگر پولنگ عملہ کے ساتھ ساتھ الیکشن کمیشن کے معزز اراکین، رفقاء اور اپنی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جن کی شب وروز محنت سے اس عظیم ذمہ داری کی تکمیل میں کامیابی نصیب ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ابھی ہم نے اپنی ذمہ داری کا ایک حصہ مکمل کیا ہے،پولنگ کے عمل کی تکمیل ہوئی ہے اور اب غیر حتمی نتائج کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے،مجھے امید اور اعتماد ہے کہ ہمارے ریٹرننگ افسران اس اہم کام کی تکمیل میں انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے اور نتائج کی بروقت ترتیب اور ترسیل کو ممکن بنائیں گے۔