ڈیرہ غازی خان۔ 12 فروری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نےڈی جی خان،مظفر گڑھ اور راجن پور میں کارروائیاں کرتے ہوئے کئی فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی اور ہوٹلز،ملک شاپس،بیکریوں کو جرمانے عائد کئے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی خصوصی ہدایت پر عوام تک معیاری خوراک پہنچانے کا مشن جاری ہے اور فوڈ سیفٹی ٹیم نے کلمہ چوک تونسہ شریف میں واقع ہوٹل کو ورکرز کے میڈیکلز سرٹیفکیٹس نہ ہونے،صفائی کے ناقص انتظامات پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا ۔
اسی طرح مین بازار علی پور،محلہ بخاری والا میں 3 ملک شاپس کو پانی ملا دودھ بیچنے اور دودھ کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ موجود نہ ہونے پر 32 ہزارروپےجرمانہ عائد کیا۔اس کے علاوہ گرڈ چوک جتوئی میں ڈسٹری بیوٹر یونٹ کو غیر معیاری پاپڑ فروخت کرنے پر 15 ہزار جبکہ قصبہ گجرات کوٹ ادو میں بیکری یونٹ کو خوراک کی تیاری میں ناقابلِ سراغ اجزا کی ملاوٹ کرنے اور کھانے پینے کی اشیا زمین پر سٹور کرنے پر 12 ہزار اور جتوئی میں ہسپتال کنٹین کو غیر معیاری کیک رس بیچنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ کیا۔
جام پور میں معروف ریسٹورنٹ کو کھانوں کی تیاری ملاوٹی مصالحوں کا استعمال کرنے اور زائد المعیاد بریڈ فروخت کرنے پر 30 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا ۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ عوام کو معیاری خوارک کی فراہمی کے لیے روزانہ کی بنیاد پر ہر چھوٹے بڑے کاروبار کو چیک کیا جا رہا ہے۔