آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج مظفر آباد میں 14ویں وائٹ کوٹ پہنانے کی تقریب کا انعقاد

180
آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج مظفر آباد میں 14ویں وائٹ کوٹ پہنانے کی تقریب کا انعقاد

مظفرآباد۔12فروری (اے پی پی):آزاد جموں کشمیر میڈیکل کالج مظفر آباد میں 14ویں وائٹ کوٹ پہنانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آزادکشمیر کے وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی تھے۔تقریب میں طلبہ و طالبات سمیت والدین اور کالج کی فیکلٹی نے شرکت کی۔

ڈاکٹر نثار انصرابدالی، پرنسپل آزادجموں وکشمیر میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرملازم حسین بخاری، سابق پرنسپل پروفیسر اعجاز علی خان، وائس پرنسل ڈاکٹر عدنان معراج ودیگر نے انٹری ٹیسٹ میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات کو وائٹ کوٹ پہنائے اور مبارکباد دی۔ سابق پرنسپل پروفیسر اعجاز علی خان نے نئے انرول ہونے والے طلبہ سے حلف بھی لیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصر ابدالی نے کہا کہ نئے انرول ہونے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کرتاہوں جنہوں نے انسانیت کی خدمت کے شعبے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے طلبہ سے کہا کہ آپ کو اعلیٰ طبی مہارتیں حاصل کرنے سمیت اخلاقیات، انسانی ہمدردی جیسے بنیادی اصول سیکھنے کی بھی ضرورت ہے، مجھے یقین ہے کہ اس درسگاہ سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد آپ دکھی انسانیت کی خدمت میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں گے۔

وزیر صحت نے کہاکہ پرنسپل پروفیسر ملازم حسین بخاری کو گزشتہ تین سالوں میں کامیابیاں حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسل میڈیکل کالج پروفیسر مُلازم حسین بخاری نے کہا کہ میڈیکل شعبے میں انتہائی محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے نئے انرول طلبہ سے کہاکہ آپ سب کی پہلی ترجیح آپ کے مریض ہونے چاہئیں، دکھی انسانیت کی خدمت کا صلہ اللہ نے دینا ہے۔

آپ آج جس مقام پر پہنچے ہیں اس کے پیچھے آپ کے والدین کی بے پناہ قربانیاں ہیں۔اے جے کے ایم سی ہمیشہ میرٹ کے لحاظ سے پہلے نمبر پر رہا ہے اس لیے جو بھی آپ تعلیم حاصل کریں اس میں آپ کو ماہر ہونا چاہیے۔اس موقع پر سابق پرنسپل پروفیسر اعجاز علی خان نے نئے آنے والے ایم بی بی ایس کے بچوں سے حلف وفاداری لیا کہ وہ اچھے ڈاکٹرز بن کر ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔

نئے انرول ہونے والے طلبا و طالبات نے سفید کوٹ پہن کر اپنی زندگی انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کرنے کا عہد کیا۔ تقریب میں پروفیسر زاہد عظیم ،پروفیسر عبد الخالق ، پروفیسر شوکت حیات خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر وائس پرنسپل پروفیسر عدنان معراج، چیئر مین امتحانات پروفیسر شوکت حیات، پروفیسر محمد ایوب، پروفیسر عارف، پروفیسر زاہد عظیم، ڈین میڈیکل ایجوکیشن پروفیسر عبدالخالق، پروفیسر بشری شیروانی، پروفیسر ممتاز احمد، پروفیسر عظمیٰ حفیظ فیکلٹی ممبران طلبا و طالبات اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔