راولپنڈی۔12فروری (اے پی پی):راولپنڈی کے تھانہ سول لائنز کے علاقہ میں فائرنگ سے سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری عدنان جاں بحق ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہوئے پولیس افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ریسکیو کی امدادی ٹیم نے لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او سید خالد ہمدانی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی پوٹھوہار کو واقعہ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچے اورجائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے گئے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ چوہدری عدنان نے حالیہ الیکشن میں آزاد امیدوار کی حیثیت میں الیکشن لڑا تھا۔ واقعہ کی تمام زاویوں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں، واقعہ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔