کراچی۔ 17 فروری (اے پی پی):چائے کی دکانوں پر کیمیکل ملے دودھ کی چائے فروخت کرنے کی شکایات کا سندھ فوڈ اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے دودھ اور چائے کی دکانوں کا بڑے پیمانے پر معائنہ شروع کر دیا ہے ۔ ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں شہر بھر میں100 سے زائد دکانوں سے دودھ اور چائے کی پتی کے نمونے جمع کئے گئے۔ یہ معائنے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین کی نگرانی میں کئے گئے ہیں۔
دکانوں سے حاصل کردہ نمونے کراچی یونیورسٹی کی لیبارٹری میں بھیج دئیے ہیں۔ان نمونوں کا بائیولوجیکل ٹیسٹ کیا جائے گا تاکہ حقائق کا پتہ چل سکے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کہا کہ رمضان المبارک کی آمد ہے اور ہم رمضان المبارک میں ملاوٹ سے پاک دودھ اور چائے کی فروخت کو یقینی بنائیں گے۔
دودھ اور چائے کی پتی کے نمونے شہر کی بڑی دکانوں سے حاصل کئے گئے ۔ آغا فخر حسین نے مذید کہا کہ ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ملاوٹ شدہ کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی ۔