اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے ، کمشنر راولپنڈی کے بغیر ثبوت الزامات انتہائی مضحکہ خیز ہیں جس کا سختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے ۔
اتوار کو اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ پاکستان ہرگز سیاسی افرا تفری کا متحمل نہیں ہو سکتا ،جس جماعت یا امیدوار کو انتخابی نتائج پر اعتراض ہے وہ متعلقہ فورم سے رجوع کرے ، انتخابی عذر داریوں کیلئے الیکشن کمیشن ، ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ کے پلیٹ فارم موجود ہیں اس لئے ملک کو ہیجان میں مبتلا نہ کیا جائے ۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مل بیٹھ کر اتفاق رائے سے فیصلے کریں ، حکومت سازی کے مراحل کو بلا تاخیر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہوسکے ۔