لاہور۔19فروری (اے پی پی):قیدیوں کے کھانے کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے بڑا اقدام کیا گیا ہے، جس کے بعد عدالتوں میں پیشی پر جانے والے قیدیوں کو دوپہر کا کھانا لنچ بکس کی صورت میں دیا جائے گا،
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے سوموار کو بتایا کہ اب عدالت جاتے وقت قیدیوں کو لنچ بکس میں کھانا دیا جائے گا، اس سے پہلے قیدی سارا دن بھوکے رہتے اور جیل واپسی پر شام کو ہی کھانا کھاتے تھے، لنچ باکسز دینے سے روزانہ 4ہزار کے قریب قیدیوں کو عدالتی پیشی پر فائدہ ہو گا،
انہوں نے مزید کہا کہ لنچ بکس کا سلسلہ آزمائشی بنیادوں پر ڈسٹرکٹ جیل ملتان سے شروع کیا گیا تھا، اس کا اچھا ریسپانس آیا ہے جسکے نتیجے میں پنجاب کی جیلوں سے عدالت جانے والے تمام قیدیوں کو لنچ باکس کے ذریعے کھانا روزانہ کی بنیادپر دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔