کامسٹیک کا "یمن پروگرام” کے دوسرے مرحلے میں یمنی سکالرز کے لیے 85 فیلوشپس کا اعلان

125
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کامسٹیک کنسورشیئم آف ایکسیلنس کے ممبر اداروں اور اسلام آباد میں جمہوریہ یمن کے سفارت خانے کے تعاون سے جمعہ کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں یمن پروگرام کے دوسرے مرحلے کا اعلان کیا ہے۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے یمنی سکالرز کے لیے 85 فیلو شپس کا اعلان کیا جو کامسٹیک کنسورشیئم کے رکن اداروں اور کامسٹیک کی طرف سے پیش کی گئی ہیں۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یمنی سائنسدانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے کامسٹیک نے "یمن پروگرام” کا اعلان جون 2022 میں کیا تھا۔ انہوں نے جمہوریہ یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی کی کاوشوں کو سراہا اور اس پروگرام کو شروع کرنے اور سہولت فراہم کرنے میں انتہائی قابل تعریف قرار دیا۔ انہوں نے کامسٹیک کنسورشیئم کے ممبر اداروں کی جانب سے ان فیلو شپس کی فراخدلی سے پیشکش کے لیے شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ کامسٹیک اور یونیورسٹی آف لاہور نے مشترکہ طور پر یمنی شہریوں کو بی ایس سے پی ایچ ڈی تک 25 مکمل ڈگری پروگرام کی بھی پیش کش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف لاہور، ہیلتھ سروسز اکیڈمی، انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنسز، سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام، یونیورسٹی آف سرگودھا، سپیریئر یونیورسٹی، یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی اور نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر نے یمنی سکالرز کو دوسرے مرحلے میں فیلو شپس کی پیشکش کی ہے جو طبی کیمسٹری، صحت، زراعت اور ماحولیات کے شعبوں میں دی جائیں گی۔

تقریب میں ریکٹر یونیورسٹی آف لاہور پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف، ریکٹر یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر آصف رضا، وائس چانسلر ہیلتھ سروسز اکیڈمی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد علی خان، چیئرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی، ڈائریکٹر جنرل این اے آر سی ڈاکٹر شہزاد اسد ، سپیریئر یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے نمائندوں نے شرکت کی۔