ساتویں پاک فوج ٹیم اسپیرٹ مشق 2024 اختتام پذیر ، آرمی چیف جنر ل سید عاصم منیر کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت

97
Chief of Army Staff General Syed Asim Munir
Chief of Army Staff General Syed Asim Munir

راولپنڈی ۔29فروری (اے پی پی):ساتویں پاک فوج ٹیم اسپیرٹ مشق 2024 ایک شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ پاک فوج کے سربراہ جنر ل سید عاصم منیر نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ساتویں پاکستان آرمی ٹیم اسپیرٹ مشق کھاریاں گیریژن میں شاندار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی۔ 60 گھنٹے طویل مشق کا مقصد تجربات کے اشتراک کے ذریعے جنگی مہارتوں کو بڑھانا تھا۔ اس مشق میں پاک فوج کی 7 اور دوست ممالک کی 15 ٹیموں نے حصہ لیا۔

دوست ممالک میں بحرین، اردن، قازقستان، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش قطر، امریکہ، ازبکستان، سری لنکا، تھائی لینڈ اور ترکی کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق مشقوں میں آذربائیجان، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سعودی عرب اور میانمار نے بطور مبصر شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق مشق پنجاب کے نیم پہاڑی علاقے میں 25 سے 27 فروری 2024 تک منعقد کی گئی، آرمی چیف نے شریک دستوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ ایسی مشقوں کے دوران باہمی سیکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ یہ فورم تمام شرکاء فوجیوں کی پیشہ ور فوجی مہارتوں اور حکمت عملی کو مناسب طریقے سے یکجا کرتا ہے، جو جنگ کے بدلتے ہوئے کردار کے سامنے انتہائی ضروری ٹیم اسپیرٹ کو فروغ دیتا ہے۔آخر میں نے مشق کے شرکاء کو انفرادی اور ٹیم کے انعامات دیے۔ بین الاقوامی مبصرین اور شرکت کرنے والے ممالک کے دفاعی اتاشی بھی تقریب میں شامل ہوئے اور مشق کے انعقاد کی تعریف کی۔اس سے قبل آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر منگلا نے استقبال کیا۔