عوامی نیشنل پارٹی نے صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا

185
Asif Ali Zardari

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی )نے صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری کی حمایت کا اعلان کر دیا۔صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان نے اے این پی وفد کےہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کے صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، حالیہ انتخابات اور آنے والے صدارتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔

صوبائی صدر ایمل ولی خان نے ملاقات کے بعد جاری بیان میں کہا ہے کہ اے این پی نے گزشتہ رات پاکستان پیپلز پارٹی کے اکابرین کا جرگہ باہمی مشاورت سے قبول کرلیا ہے۔صدر آصف علی زرداری نے بحثیت صدر پختونخوا کے نام، صوبائی خودمختاری اور اٹھارویں آئینی ترمیم کی شکل میں اے این پی اور پختون قوم پر جو احسان کیا ہے اس کو اے این پی کبھی نہیں بھولے گی۔ اے این پی حکومتی اتحاد کو نہیں بلکہ آصف علی زرداری کی ذات کو آنے والے صدارتی انتخابات میں ووٹ دے گی۔