لیسکو آپریشن، 24 گھنٹوں میں 476ملزمان بجلی چوری میں ملوث،197کےخلاف مقدمات درج ،ترجمان

103
چیف ایگزیکٹو لیسکو کی زیر صدارت فنکشنل ہیڈز کا اجلاس، صارفین کو معیاری خدمات فراہم کرنے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے اہم فیصلے

لاہور۔7مارچ (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو)کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 476ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے197کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں۔پکڑے جانے والے کنکشنز میں 16 کمرشل،2انڈسٹریل،4زرعی اور454 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو3لاکھ50 ہزار2سو19 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ1لاکھ3 ہزار5سو77 روپے ہے۔

ترجمان کے مطابق بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اوران کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ملت پارک کے علاقے میں کنکشن کو2 لاکھ روپے،داتا دربارکے علاقے میں کنکشن کو1لاکھ50ہزار روپے گوالمنڈی کے علاقے میں ایک ملزم کو1لاکھ اورگوالمنڈی میں ہی ایک اور ملزم کو1 لاکھ روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو175روزمکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 60 ہزار9سو17 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، 55 ہزار9 سو70ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 19 ہزار7سو48 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔بجلی چوروں کو اب تک 7 کروڑ 93 لاکھ44 ہزار3سو44 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 ارب 2 کروڑ88 لاکھ93 ہزار82روپے ہے۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔