زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی ریکارڈ کامیابی، چھ دہائیوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ 17,606 ملین روپے کا قبل از ٹیکس منافع

149
AGRICULTURAL DEVELOPMENT BANK LIMITED
AGRICULTURAL DEVELOPMENT BANK LIMITED

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈ ٹی بی ایل) نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ دہائیوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ 17,606 ملین روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے۔ زیڈ ٹی بی ایل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق زرعی ترقیاتی بینک ملک کا سب سے بڑا خصوصی مالیاتی ادارہ ہے جو زرعی شعبے کی ترقی کے ذریعے معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ بینک موثر فنڈ مینجمنٹ، بینک کی ریکوری آمدنی کی موثر ری سائیکلنگ اور مناسب انتظامی اور مالی کنٹرول کی وجہ سے ادارہ جاتی زرعی قرضوں کے سب سے بڑے فراہم کنندہ کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔

زیڈ ٹی بی ایل نے 2023 میں چھ دہائیوں کی تاریخ میں سب سے زیادہ 17,606 ملین روپے (2022 میں 7,458 ملین روپے) کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا ہے ، اسے 10,984 ملین روپے (2022 میں 5,123 ملین روپے) کا بعد از ٹیکس منافع ہوا ہے جبکہ ای پی ایس 2022 کے 0.97 کے مقابلے میں 2023 میں 2.10 روپے رہا۔ سال کے دوران 3 لاکھ سے زائد کاشتکاروں کو 93 ارب روپے کے قرضے فراہم کیے گئے۔ زیڈ ٹی بی ایل نے وزیر اعظم کسان پیکج 2022 کے تحت 29.5 ارب روپے تقسیم کئے جس میں خاص طور پر زرعی میکانائزیشن اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے 29.5 ارب روپے تقسیم کیے گئے۔

زیڈ ٹی بی ایل نے اپنے سی اے آر (کیپٹل ایڈیکوسی ریشو) کو 37.76 فیصد تک بہتر بنایا ہے جو سٹیٹ بینک کے تقاضے (11.50 فیصد) سے کہیں زیادہ ہے۔واضح رہے کہ سی ای او / صدر طاہر یعقوب بھٹی 35 سال سے زائد کا تجربہ رکھنے والے اعلی پائے کے بینکر ہیں اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین نعیم الدین خان 40 سال سے زائد کا وسیع اور متنوع تجربہ رکھتے ہیں ،ان دونوں نے 2023 کی تیسری سہ ماہی کے دوران زیڈ ٹی بی ایل میں اپنے اپنے عہدوں کا چارج سنبھالا تھا۔ زیڈ ٹی بی ایل کے تمام کے پی آئیز میں مذکورہ غیر معمولی اور ریکارڈ بہتری انتظامیہ اور بی او ڈی میں اہم تبدیلی کے بعد واضح طور پر درج کی گئی تھی۔

زرعی شعبے کے فروغ میں زیڈ ٹی بی ایل کے کردار نے ملک کے زرعی شعبے کو جی ڈی پی میں 22.9 فیصد حصہ ڈالنے میں مدد دی ہے جس میں تقریبا ً37.4 فیصد افرادی قوت اور دیگر صنعتوں کے لئے بنیاد ہے جو یقینی طور پر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ 12.5 ایکڑ تک زمین رکھنے والے اور چھوٹے کسان جو کل کسانوں کا 89 فیصد ہیں، زرعی منظر نامے کا بنیادی جزو ہیں۔ زیڈ ٹی بی ایل بنیادی طور پر کاشتکاروں کے اس بڑے طبقے کو زرعی قرضے فراہم کرنے کے علاوہ زرعی مشاورتی خدمات فراہم کرتا ہے۔ کسانوں کی بینکاری ضروریات کو پورا کرنے کے لئے زیڈ ٹی بی ایل کی اہم موجودگی دیہی، پسماندہ اور بینکنگ سے محروم علاقوں میں ہے جس میں 501 شاخوں کے برانچ نیٹ ورک کے ساتھ ملک بھر میں 482 مقامات کا احاطہ کیا گیا ہے۔ مشاورتی محاذ پر زیڈ ٹی بی ایل اپنی موبائل وین سروس اور زرعی بیٹھک کے انتظامات کے ذریعے کسانوں کی دہلیز تک پہنچتا ہے۔

بینک نے کسانوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فنانسنگ سکیمیں متعارف کرائی ہیں جن کا مقصد انہیں بااختیار بنانا ہے جس کے نتیجے میں ملک کی فوڈ سکیورٹی میں اضافہ ہوگا۔ بینک وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم جیسی قومی سکیموں کے لئے بھی اپنے عزم کو جاری رکھے ہوئے ہے اور پنجاب میں ایگری ای کریڈٹ سکیم جیسے نئے اقدامات متعارف کراتا ہے جس میں موثر تقسیم کے لئے ڈیجیٹلائزڈ قرضوں کی پروسیسنگ کو اپنایا گیا ہے۔ یہ سکیمیں اجتماعی طور پر متنوع زرعی چیلنجوں سے نمٹنے اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع نقطہ نظر کی عکاسی کرتی ہیں۔ مزید برآں زیڈ ٹی بی ایل 1106 حج درخواستیں جمع کرانے میں مدد دے کر معاشرے کو ان کی مذہبی ذمہ داریوں کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

زیڈ ٹی بی ایل نے صارفین کو ٹیکنالوجی پر مبنی خودکار 24/7 بینکنگ خدمات فراہم کرنے کے لئے ترقی کے نئے دور کا آغاز کیا ہے ۔زیڈ ٹی بی ایل نے سٹیٹ بینک کے قومی مالیاتی خواندگی پروگرام میں حصہ لیا ہے اور قومی مالیاتی خواندگی پروگرام (این ایف ایل پی) میں فعال شرکت اور انتظامی مدد پر ایس پی کی تعریف حاصل کی ہے۔ ملک بھر میں سٹیٹ بینک کے قومی مالیاتی خواندگی پروگرام کے فروغ میں زیڈ ٹی بی ایل کی خدمات کے اعتراف میں حال ہی میں سٹیٹ بینک نے مالیاتی خواندگی میں خصوصی کارکردگی ایوارڈ آف ایکسیلینس (2024) سے نوازا۔ وی آئی ایس کریڈٹ ریٹنگ کمپنی لمیٹڈ نے زیڈ ٹی بی ایل کی ادارہ جاتی درجہ بندی کی ‘اے اے اے / اے -1 +’ (ٹرپل اے / اے -ون پلس) پر دوبارہ تصدیق کی ہے۔

بیان کے مطابق زیڈ ٹی بی ایل ان اہم مالیاتی سنگ میلوں کے حصول میں حکومت پاکستان، سٹیٹ بینک آف پاکستان، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور اس کے مخلص عملے کی غیر متزلزل حمایت کا اعتراف کرتا ہے۔زیڈ ٹی بی ایل اس کامیابی کو مشکل معاشی حالات کے تحت مجموعی اثاثوں، ڈپازٹس، ریکوری اور قرض دینے کی سرگرمیوں میں قابل ذکر اضافے کا مظاہرہ کرتے ہوئے سال 2024 میں مزید پیشرفت کا پختہ عزم رکھتا ہے ۔