28.8 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 3, 2025
ہومقومی خبریںمعروف عوامی شاعر حبیب جالب کی برسی 12 مارچ کو منائی جائے...

معروف عوامی شاعر حبیب جالب کی برسی 12 مارچ کو منائی جائے گی

- Advertisement -

اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):معروف عوامی شاعر حبیب جالب کی برسی کل (منگل) 12 مارچ کو منائی جائے گی۔ ظلم اور زیادتی کے خلاف ان کی شاعری نے عوام میں بیداری اور جوش و ولولہ پیدا کیا ۔حبیب جالب نے غربت، تنگ دستی اور نامساعد حالات کے باوجود بے بس، ناچار اور ناانصافی و طبقاتی نظام کی چکّی میں پسنے والے ہم وطنوں کا ساتھ دیا اور شاعری کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ریاستی جبر اور عوام دشمن فیصلوں کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

انھوں نے اپنی زندگی میں کوڑے کھائے ، زنداں کی صعوبت بھی جھیلں لیکن اپنے موقف پیچھے نہیں‌ ہٹے۔بے خوف اور نڈر حبیب جالب کی توانا فکر نے جہاں اردو شاعری کو انقلاب آفریں نغمات سے سجایا، وہیں ان کے رومانوی گیت بھی قابلِ ذکر ہیں، لیکن انھیں اپنی عوامی شاعری کی وجہ سے زیادہ مقبولیت ملی۔ 24 مارچ 1928 کو میانی افغاناں، ہوشیار پور میں پیدا ہونے والے حبیب جالب کا اصل نام حبیب احمد تھا۔حبیب جالب کے برگِ آوارہ، سرِمقتل، عہدِ ستم، حرفِ حق، ذکر بہتے خون کا، گوشے میں قفس کے شعری مجموعے شائع ہو چکے ہیں ۔

- Advertisement -

انھوں نے فلموں کے لیے نغمہ نگاری بھی کی تاہم ان کا سب سے بڑا اور روشن حوالہ ان کی عوام دوستی اور پاکستان میں جمہوریت اور عوام کے حقوق کی جدوجہد ہے۔ 2008 میں حکومتِ پاکستان نے حبیب جالب کے لیے نشانِ امتیاز کا اعلان کیا تھا۔انقلاب آفریں نغمات اور جدوجہد کی وجہ سے شاعرِ عوام کا مرتبہ حاصل کرنے والے حبیب جالب 12 مارچ 1993 کو وفات پا گئے اور ان کا مدفن لاہور میں ہے۔ حبیب جالب کی برسی کے موقع پر علمی، ادبی، سماجی حلقوں اور شو بز انڈسٹری کے زیر اہتمام مختلف پروگرامز اور تقریبات میں ان کی خدمات کو اجگر کرنے کے ساتھ ساتھ بھر پور انداز میں کراج تحسین بھی پیش کیا جائے گا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=446494

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں