سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو سٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

139
Prime Minister Shahbaz Sharif
Prime Minister Shahbaz Sharif

اسلام آباد۔11مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور سعودی عرب کے دو طرفہ تعلقات کو مفید ،سٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کو ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے سے پاکستانی عازمین حج کو سہولت ملے گی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی سے گفتگوکرتےہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں وزیر اعظم نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی طرف سے ان کے وزیر اعظم کے عہدے پر دوبارہ انتخاب پر نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی برادرانہ تعلقات کا ذکرکرتےہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے سفیر وہ پہلے غیر ملکی سفیر ہیں جو وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد ان سے ملاقات کررہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند، سٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنا ہو گی، جس میں توجہ سعودی سرمایہ کاری کو پاکستان میں منصوبوں کے لئے راغب کرنے پر مرکوز رہے گی۔

وزیراعظم نے ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ پراجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے پر سعودی حکام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس سے پاکستانی عازمین حج کو سہولت ملے گی۔ وزیراعظم کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دیتے ہوئے سعودی سفیر نے وزیراعظم کو سعودی قیادت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب مضبوط اور خوشحال پاکستان کی تعمیر کے لیے ہمیشہ قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔