اٹک۔ 12 مارچ (اے پی پی):ضلع اٹک میں پتنگ بازی اور پتنگ فروشوں کے خلاف مہم جاری، پتنگوں اور ڈوروں کی بڑی کھیپ 2 ہزار سے زائد پتنگیں اور 150 کے قریب خطرناک ڈوریں برآمد کر کے 3 ملزمان گرفتار کر لئے گئے۔ تھانہ سٹی اٹک پولیس کو باوثوق ذرائع سے اطلاع ملی کہ نذر محمود ولد فضل محمود ساکن گیدڑ چوک اٹک شہر پتنگ فروخت کر رہا ہے جس پر تھانہ سٹی اٹک پولیس کی ٹیم نے فوری طور پر ریڈ کیا تو نذر محمود کے قبضہ سے 1908 مختلف رنگ کی پتنگیں اور 116 خطرناک ڈوریں برآمد کر لیں
اسی طرح ایک اور کاروائی میں مسماۃ ن۔ب دختر اللہ یار سکنہ ڈھوک فتح اٹک شہر سے دوران چیکنگ 80 پتنگیں اور 25 ڈوریں برآمد کر کے ہر دو ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے گرفتار کر لیا دوسری جانب تھانہ جنڈ پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک شخص ریلوے روڈ پر پتنگیں فروخت کر رہا ہے جس پر تھانہ جنڈ پولیس کی ٹیم نے فوری طور پر موقع پر ریڈ کیا تو ایک شخص توڑا لیے کھڑا تھا جس نے اپنا نام و پتہ سیدیس الرحمٰن ولد لیاقت علی ساکن کوہاٹ بتلایا جس کے سامان کی حسب ضابطہ تلاشی لینے پر 35 عدد پتنگیں برآمد کر کے ملزم کے خلاف کائیٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا تھا کہ پتنگ بازی کی آڑ میں موت کا کھیل ہر گز نہیں کھیلنے دیا جائے گا۔