اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے مشن کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی اقتصادی نمو و استحکام کیلئے اصلاحات کے ایجنڈا پرآئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈکے مشن سے ملاقات میں کہی۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کا مشن سٹینڈبائے معاہدہ کے تحت دوسرے جائزہ کیلئے پاکستان کا دورہ کررہاہے۔ وزیرخزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے مشن کاخیرمقدم کیا اور ملک کی اقتصادی نمو و استحکام کیلئے اصلاحات کے ایجنڈا پر آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایم ایف مشن کے سربراہ نتھن پورٹر نے محمداورنگزیب کو وزیر خزانہ مقررکرنے پرمبارکباد دی۔ ملاقات میں کلی معیشت کے مجموعی اشاریوں، مالیاتی استحکام کیلئے حکومت کی کوششوں، ڈھانچہ جاتی اصلاحات، توانائی کے شعبہ کی موزونیت اور سرکاری کاروباری اداروں میں گورننس سے متعلق معاملات کاتفصیل سے جائزہ لیاگیا۔ وزیر خزانہ نے مسلسل معاونت پرآئی ایم ایف کاشکریہ اداکیا اور دوسرے جائزے کیلئے پاکستان اورآئی ایم ایف کے درمیان مثبت و پیداواری ملاقاتوں کی امیدظاہر کی۔