سپارک نے کامن ویلتھ آف لرننگ کے تعاون سے  خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے پراجیکٹ کا آغاز کردیا

34
سپارک نے کامن ویلتھ آف لرننگ کے تعاون سے  خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے پراجیکٹ کا آغاز کردیا

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):بچوں کے حقوق کیلئے سرگرم تنظیم سوسائٹی فار دی پروٹیکشن آف دی رائٹس آف چائلڈ (سپارک) نے کامن ویلتھ آف لرننگ (کول) کے تعاون سے  خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کے پراجیکٹ کا آغاز کردیا۔ اس جامع کوشش کا مقصد خواتین اور لڑکیوں کو درپیش انوکھے چیلنجوں سے نمٹنا ، انہیں ضروری وسائل، سپورٹ نیٹ ورکس اور روشن مستقبل کے مواقع فراہم کرنا ہے۔

خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار بنانے کا پراجیکٹ ایک جامع اقدام ہے جو پاکستان میں خواتین کو درپیش مختلف رکاوٹوں کا مقابلہ کرنے کے لیے احتیاط سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جمعہ کو یہاں پراجیکٹ کی تقریب رونمائی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سپارک کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر آسیہ عارف خان نے صنفی بنیاد پر تشدد سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کارروائی کی اہمیت پر زور دیا اور اسٹیک ہولڈرز کو ایسے اقدامات میں حصہ لینے کی ترغیب دی جو ہر ایک کے لیے ایک محفوظ اور زیادہ جامع تعلیمی ماحول کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی میں تعلیمی مساوات کو فروغ دینے اور صنفی بنیاد پر چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے سپارک کے عزم کی تجدید  کی ۔

انھوں نے  تمام اسٹیک ہولڈرز کو خواتین و لڑکیوں کو بااختیار بنانے اور سب کے لیے ایک بہتر مستقبل کی تعمیر کے حوالے سے اس اہم کوشش میں ہاتھ بٹانے کی دعوت دی۔ کول کی سینئر ایڈوائزر فرانسس فریرا نے کمیونٹیز کو مضبوط بنانے میں تعاون کے  اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے اس پرجوش کوشش کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کمیونٹی لیڈرز، پروجیکٹ پارٹنرز اور مالیاتی اداروں کی شمولیت اور حمایت کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ صرف شراکت اور تعاون کے ذریعے ہی ہم اپنی کمیونٹیز کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ بیداری کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر عنبرین عجائب نے اس بات پر زور دیا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا اور لڑکیوں کی تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا نہ صرف خواتین کو بااختیار بنانے بلکہ ملک کی معیشت کو تقویت دینے کے لیے بھی اہم ہیں۔

تقریب میں  قومی کمیشن برائے حقوق اطفال ، ویمن پروٹیکشن کمیشن، خواتین پولیس، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سمیت  مقامی این جی اوز اور آئی این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔