لاہور۔4اپریل (اے پی پی):پنجاب پولیس نے شہریوں کے تحفظ کے لئے صوبے کی مصروف مارکیٹوں، کاروباری مراکز اور بازاروں میں 2 ہزار سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے ۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور کی مارکیٹوں اور کاروباری مراکز میں 400 کے قریب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔راولپنڈی میں400، گوجرانوالہ 400، فیصل آباد 300، ملتان میں 400 کیمرے ،شیخوپورہ ، بہاولپور اور دیگر حساس اضلاع کی مارکیٹوں میں 300 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
اس حوالے سے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مارکیٹوں میں خرید و فروخت کے دوران جرائم پیشہ عناصر کو ٹریس کرنے میں مدد ملے گی۔ نئے کیمروں کے اضافے سے اہم مارکیٹوں اور بازاروں کی سکیورٹی و مانیٹرنگ کا عمل مزید تندہی سے سر انجام پائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام سی سی ٹی وی کیمرے ضلعی سیف سٹی کنٹرول رومز سے منسلک ہیں۔
جرائم پیشہ اور ملک دشمن عناصر کی سرکوبی کے لئے مارکیٹوں سمیت اہم مقامات پر مزید کیمروں کی تنصیب جاری ہے۔سیف سٹیز اتھارٹی کنٹرول رومز کے ذریعے مارکیٹوں اور بازاروں کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔ پنجاب پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کر رہی ہے۔