ننکانہ صاحب ۔ 04 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب چوہدری محمد ارشد نے کہا کہ ننکانہ صاحب میں بیساکھی فیسٹیول پر آنےوالے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،بیساکھی میلہ پر آنے والے یاتری ہمارے مہمان ہیں اور مہمانوں کا خیال رکھنا ہم سب کاقومی فرض ہے، اندرون و بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کو بہترین اور فول پروف سیکورٹی انتظامات مہیا کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ان خیالات کا اظہار بیساکھی فیسٹیول کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا
۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد حنیف ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ رائے ذوالفقار علی، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اکرم پنوار ، پولیس ،محکمہ صحت ، میونسپل اداروں کے سربراہان ، سکھ کمیونٹی کے افراد سمیت تمام متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ نے میونسپل اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ بیساکھی کی تقریبات کے موقع پر میونسپل اداروں کی جانب سے تمام روٹس سمیت شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں۔
پولیس ٹریفک کے بہائو کو پیشہ وارانہ مہارت کے ساتھ یقینی بنائے ، محکمہ صحت گوردوارہ جات میں خصوصی عملہ تعینات کرے گا جبکہ محکمہ فوڈ اتھارٹی لنگر کی چیکنگ کے بعد لنگر تقسیم کروانے کی پابند ہو گی۔انہوں نے کہا کہ تمام محکمہ جات سمیت پولیس کے جوان یاتریوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں تاکہ سکھ یاتری پاکستان بالخصوص ننکانہ صاحب سے انتظامات اور پاکستانیوں کی محبت کے حوالے سے اچھی یادیں لے کر جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بیساکھی کی تقریبات 15 اپریل سے 18 اپریل تک جاری رہیں گی۔