گورنر سندھ نے باغ جناح میں عید الفطر کی نماز ادا کی

110

کراچی۔ 10 اپریل (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے باغ جناح میں عید الفطر کی نماز ادا کی،اس موقع پر مئیر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب بھی ان کےہمراہ تھے ۔نماز کے بعد گورنر سندھ شہریوں سے عید ملے۔نماز عیدالفطر کے موقع پر رینجرز اور پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکورٹی کے موثر انتظامات کئے تھے۔ شہر بھر کے مختلف علاقوں نشترپارک، شاہ خراساں مختلف مساجد، امام بارگاہوں، چھوٹے بڑے میدانوں اور عید گاہوں میں عیدالفطر کی نماز کے اجتماعات ہوئے۔

ان اجتماعات میں ملک کی سالمیت، خوشحالی اور بالخصوص فلسطین کے مسلمانوں کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ نماز عیدالفطر کے اجتماعات کی سیکورٹی کےلیے پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی گئی۔ نماز عیدالفطر کی ادائیگی کے بعد شہری ایک دوسرے سے بغل گیر ہوئے اور عید کی مبارک باد پیش کی۔ شہریوں نے اپنے پیاروں کی قبروں پر حاضری کی روایت کو بھی برقرار رکھا اور قبرستان جاکر ان کی مغفرت کے لئے دعا کی۔