صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ سٹاف کی تربیت کا عمل جاری ہے، ترجمان

90

لاہور۔15اپریل (اے پی پی):صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخاب کے سلسلے میں مختلف اضلا ع میں پولنگ سٹاف کی تربیت کا عمل جاری ہے۔ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے مطابق پنجاب کے 12صوبائی اور 2 قومی اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں،

صوبہ پنجاب کے 14حلقوں میں ضمنی انتخابات کیلئے 40لاکھ 44ہزار 552رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ رجسٹرڈ ووٹرز میں 21لاکھ 77ہزار 187مرد اور 18لاکھ 67ہزار 365 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں ضمنی انتخابات کیلئے 663مردانہ ، 649زنانہ اور 1289مشترکہ پولنگ سٹیشنز قائم کئے جائیں گے۔ضمنی انتخابات کی پولنگ کا انعقاد 21 اپریل کو ہوگا۔