وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی قیادت میں اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل

251
Prime Minister of Azad Kashmir

اسلام آباد۔20اپریل (اے پی پی):آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیا۔ اس موقع پرآزادکشمیر کے وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم اور کابینہ کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

یہاں جاری بیان کے مطابق وزراء حکومت عبدالماجد خان،تقدیس گیلانی ،سردار عامر الطاف ،سردار جاوید ایوب،میاں عبد الوحید ،سردار ضیاء القمر،چوہدری محمد رشید ،چوہدری محمد ارشد، امتیاز نسیم نے استقبالیہ میں شرکت کی۔وزیر حکومت چوہدری اظہر صادق ،مشیر وزیراعظم نثاراں عباسی ،مشیر وزیراعظم کرنل(ر) معروف نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وزیر اعظم چوہدری انوار الحق نے کہا کہ آج الحمد للہ اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہوگیا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اللہ پاک کا شکر ادا کرتا ہوں ،آزادکشمیر کے عوام کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کریں گے،اختیار خالصتا ًاللہ پاک کی جانب سے کسی بھی شخص کو تقویض کیا جاتا ہے،یہ ذمہ داری اس مالک کائنات کی طرف سے ہوتی ہے وہ جب تک چاہے دیتا ہے اور جب چاہتا ہے چھین لیتا ہے،پاک فوج کے موجودہ سپہ سالار تحریک آزادی کشمیر سے جو جذباتی وابستگی رکھتے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مالک سے چھ ماہ مانگے تھے اب تو سال ہو گیا ہے،مافیاز کا خاتمہ کر دیا ہے آج کوئی طاقتور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے کی جرات نہیں کر سکتا،مخلوق خدا کی خدمت کی نیت ہونی چاہیے اللہ پاک راستے کھول دیتا ہے،مہاجرین کیلیے زمین کا پی سی ون 30 جون سے پہلے ہو جائے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں بھارتی ٹاؤٹوں کو آہنی ہاتھوں سے کچل دیا جائے گا،سیاسی کارکنوں کی تقریروں پر اب عوام اتنا غور نہیں کرتے کیونکہ ان کا اعتماد سیاسی نظام سے اٹھتا جا رہا ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ ہم نے تمام مافیاز کا خاتمہ کر دیا ہے اور اسمبلی ممبران کی عزت و توقیر کو بحال کیا ہے،ریاست کی طاقت کے آگے کوئی طاقتور اور مافیا کھڑا نہیں ہو سکتا۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ جب آپ ایک دفعہ سمجھوتہ کرتے ہیں تو پھر کمپرومائز کرتے ہی چلے جاتے ہیں،اس وقت تک 60 فیصد بجٹ خرچ ہو چکا ہے اور اللہ کے فضل سے اسمیں شفافیت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ آزادکشمیر میں سڑکوں کی تعمیر ،سوشل سیکٹر پروگرام اور برقیات ،صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لائی گئی ہے،8 ارب کے خسارے کو کم کر ایک ارب روپے کیا گیا،صحت اور تعلیم کے شعبوں میں حاضری کو یقینی بنایا گیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزادکشمیر کے دس ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں دن بدن بہتری آ رہی ہے،آزادکشمیر میں عوام کو حکومت سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ 20 ارب سے زیادہ سبسڈی خوراک کی مد میں دی جا رہی ہے،آزادکشمیر میں سستی بجلی کی مد میں سبسڈی فراہم کی جارہی ہے،پانچ میونسپل کارپوریشنز میں صاف پانی کی مد میں سوا تین ارب سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے ۔چوہدری انوارالحق نے وزیر حکومت جاوید بٹ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔

وزیر حکومت جاوید بٹ نے کہا کہ الحمد للہ آج ہماری اتحادی حکومت کا ایک سال مکمل ہوا،جس طرح وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے ایک سال مکمل کیا ماضی میں اسکی مثال نہیں ملتی،،بیوروکریسی کو ٹھیک کیا ،دفاتر میں بائیو میٹرک نافذ کیا ،کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ دیا اور گڈ گورننس کو فروغ دیا۔

وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے وزیراعظم کو کانگڑی کا تحفہ دیا۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہا کہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی قیادت میں حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے،وزیراعظم نے وفاقی حکومت کے ساتھ بہترین لیزان قائم کیا۔