لاہور۔22اپریل (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے احکامات پر ڈرگ فری پنجاب کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈائون بلا تعطل جاری ہے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ایک ہی دن میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے اڈوں پر 236 چھاپے مارے گئے جس کے نتیجے میں منشیات کے مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کے خلاف83 ایف آئی آرز درج کر کے86 ملزمان گرفتار کر لئےگئے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضہ سے56 کلو چرس01 کلو ہیروئن،840 گرام آئس اور828 لٹر شراب بر آمد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات کے ملزمان کے اڈوں پر 16487 چھاپے مارے گئے
،منشیات فروشوں کے خلاف 7842 مقدمات درج اور 8322 ملزمان گرفتار کئے گئے،جن کے قبضے سے5330 کلو گرام چرس،97 کلو ہیروئن، 216 کلو افیون،27 کلو آئس،105048 لٹر شراب بر آمد کر لی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منشیات فروشوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی کی ہدایت کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آر پی اوز، ڈی پی اوز منشیات کی سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو بے نقاب کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ آئس،شیشہ اور دیگر ماڈرن نشہ آور ڈرگز کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف ترجیحی بنیادوں پرکارروائیاں کی جائیں،اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر کومبنگ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔