ٹریفک پولیس کا تھیم پارک بنایا جائے گاجس کیلئےخصوصی بھرتیاں عمل میں لائیں جائیں گی،سید علی ناصر رضوی

86
Syed Ali Nasir Rizvi
Syed Ali Nasir Rizvi

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):انسپکٹر جنرل آف اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی نے کہا ہےکہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا تھیم پارک بنایا جائے گا ٹریفک پولیس کے لئے خصوصی بھرتیاں عمل میں لائیں جائیں گی۔پیر کو آئی جی سید علی ناصر رضوی زیر صدارت ٹریفک دفتر میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس کا تھیم پارک بنایا جائے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیم کو فعال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس میں فرینڈز اور والینٹیرز بھرتی کیے جائیں۔

آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ون ویلنگ ، فینسی نمبر پلیٹ اور کالے شیشوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں تیز کی جا ئیں اور ٹریفک کے متعلق عوامی سہولیات پر توجہ دیں۔آئی جی سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ تمام تھانہ جات میں آن لائن لرنر ،رینیول اور ڈرائیونگ لائسنس کی خدمات مہیا کی جائیں اور ٹریفک پولیس کے لئے خصوصی بھرتیاں عمل میں لائیں جائیں گی۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکر لگائیں جائیں۔

انہوں نے کہا کہ غیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے،بہترین کاررکردگی دکھانے والے افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے اور تعلیمی اداروں اور اہم مقامات پر موبائل خدمات مہیا کیا جائیں مارکیٹ کمیٹیوں کے ساتھ مل کر اہم تجارتی مقامات سے غیر قانونی پارکنگ کا خاتمہ کیا جائے۔اسلام آباد ٹریفک پولیس ایف ایم ریڈیو کو مزید فعال کیا جائے۔سڑک پر ڈیوٹی کرنے والے افسران کی ویلفیئر کو مزید بہتر کیا جائے۔آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ ہم نے اسلام آباد کے شہریوں کے لئے آسانیاں پیداکرنی ہیں ہمیں بہت اچھا نہیں بلکہ سب سے اچھا ہو نا ہے۔اس موقع پر سی ٹی او اسلام آباد ٹریفک پولیس سرفراز ورک سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔