معاشرے میں انصاف کی فراہمی،آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کیلئے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق

73

مظفرآباد۔4مئی (اے پی پی):وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق سے صدر سنٹرل بار ایسوسی ایشن ناصر مسعود مغل ایڈووکیٹ کی قیادت میں وکلاء کے وفد نے گزشتہ روز وزیراعظم آفس میں ملاقات کی۔ اس موقع پرسیکرٹری جنرل وقار فاروق عباسی ایڈووکیٹ ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ عامر رشید ایڈووکیٹ ، ایڈووکیٹ سیکرٹری مالیات شازیہ کیانی ، سیکرٹری اطلاعات سردار رمضان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ وکلاء ہمارے معاشرے کا سب سے طاقتور طبقہ ہے، کسی بھی معاشرے میں انصاف کی فراہمی،آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لئے وکلاء کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست سے مافیاز کا قلعہ قمع کر دیا ہے۔معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ عوام کے ٹیکسز کا پیسہ صرف اور صرف عوام کی ترقی و خوشحالی پر خرچ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت،زراعت سمیت تمام اداروں میں بہتری لا رہے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وکلاء کو صحت کی سہولیات سمیت تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔اس موقع پر صدر سنٹرل بار ایسوسی ناصر مسعود مغل ایڈووکیٹ نے وزیراعظم کے بے سہارا، یتیم، بیوہ، طلاق یافتہ اور معذور افراد کی امداد کے لئے سوشل پروٹیکشن آرڈیننس کی منظوری پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعظم کے عوام کی فلاح و بہبود اور گڈ گورنینس کے حوا لے سے کئے جانے والے اقدامات پر ان کے ساتھ ہیں۔