اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں16 جدید ترین آئی ٹی لیبز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو جدید ترین ہنر فراہم کیا جاسکے اور ان کے لئے روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ آئی ٹی لیبز اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں واقع 16 ڈگری کالجز میں تعمیر کی جائیں گی، ان آئی ٹی لیبارٹریوں میں طلبہ کو بلاک چین، ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت اور گیم ڈویلپمنٹ میں 6 ماہ کے کورسز کی پیشکش کی جائے گی،پہلے مرحلے میں تقریبا 1000 طلبا کو کورسز پیش کئے جائیں گے جو مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
ان کورسز کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (این اے وی ٹی ٹی سی)نے نسٹ، نیشنل سکلز یونیورسٹی، کامسیٹس اور نمل جیسی معروف یونیورسٹیوں کے تعاون سے تیار کیا ہے۔ یہ کورسز مئی 2024 کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوں گے۔ وزارت تعلیم نے مزید بتایا کہ اب تک ان کورسز کے لئے 3600 طلبا اندراج کراچکے ہیں۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے ان لیبز کو تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی)کے ایجنڈے میں شامل ہے۔