گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے باضابطہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں

104

کوئٹہ۔ 07 مئی (اے پی پی):گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے منگل کوباضابطہ طور پراپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔گورنر ہاؤس کوئٹہ آمد پر پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان ہاشم خان غلزئی اور ملٹری سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان لیفٹیننٹ کرنل تنویر حسین سمیت تمام آفیسرز اورعملے نے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کا پرتپاک استقبال کیا۔

گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخيل سے اپنے دفتر کے عملے نے تعارفی ملاقات کی اور گورنر ہائوس اینڈ سیکرٹریٹ کے امور و معاملات کے بارے میں مختصر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان نے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ گورنر ہاؤس اینڈ سیکرٹریٹ نہایت تجربہ کار اور فرض شناس افسران موجود ہیں، میری خواہش اور کوشش ہے کہ ملک اور صوبے کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے اپنی ٹیم کے ساتھ مل ا بھرپور کردار ادا کروں۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سب آفیسرز اور دیگر عملہ اپنے فرائض منصبی خلوص، دیانتداری اور حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو کر سرانجام دیں گے۔گورنر بلوچستان سے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں صوبائی وزیر نوابزادہ طارق مگسی، بولان میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی، سردار یحیی خان ناصر، سابق کوآرڈینیٹر وزیراعلیٰ بلوچستان فتح جمالی، منور خان ، مندوخيل اور جویریہ ترین نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔