ڈیرہ غازی خان، پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری،چھاپے کے دوران گندے انڈوں کی بڑی تعداد تلف

230
Punjab Food Authority

ڈیرہ غازی خان۔ 12 مئی (اے پی پی):ملاوٹ مافیا کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈیرہ غازی خان میں کارروائیاں جاری ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ شہزاد خان مگسی اورڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن عمران خان کی سربراہی میں ڈیرہ غازی خان میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملتان روڈ پر واقعہ کولڈ سٹوریج پر چھاپامارا گیا جہاں گندے انڈوں کی بہت بڑی مقدار برآمد کر لی گئی جو کہ مختلف بیکریو ں پر سپلائی کئے جانے تھے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بر وقت کارروائی سے ڈیرہ غازی خان کی عوام تک گندے انڈوں کی سپلائی ناکام بنا دی گئی۔

موقع پر مختلف ٹیسٹ کرنے پر ثابت ہوا انڈے پرانے، ایکسپائرڈ اور انسانی استعمال کے لیے غیر محفوظ تھے فوڈ سیفٹی ٹیم کی جانب سے تمام 1,53,360 انڈے تلف کر دیے گئے اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی، محمد عاصم جاوید نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کا ہر حربہ ناکام بنائیں گے۔