اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے سٹیل کی صنعت کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت زوردیتے ہوئے کہاہے کہ حکومت مقامی صنعتوں کے فروغ کیلئے تعاون کی فراہمی میں پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں پاکستان ایسوسی ایشن آف لارج سٹیل پروڈیوسرز ، پاکستان سٹیل میلٹرز ایسوسی ایشن)، پاکستان سٹیل ری رولنگ ملز ایسوسی ایشن اور پاکستان سٹیل پائپ لائنز کے ایسوسی ایشن نمائندوں سے ملاقات میں کہی ، چیئرمین ایف بی آر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وفد نے تحفظات کا اظہار کرنے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ملک میں سٹیل انڈسٹری کی کارکردگی کا ایک جائزہ پیش کرتے ہوئے اس اہم صنعتی شعبہ کی ترقی کے لیے ممکنہ حکمت عملی وضع کرنے کی ضرورت پرزوردیا ۔وفد نے سٹیل کی صنعت میں وسعت کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور اور ٹیکس وکسٹم ڈیوٹی میں ایڈجسٹمنٹ کے حوالہ سے تجاویزپیش کیں۔
وفد نے منظم شعبے کی حوصلہ افزائی کی حمایت کی اور تمام پروڈیوسرز اور فروخت کنندگان کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیرخزانہ نے نے مقامی صنعتوں کے فروغ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اورٹیکس کے دائرے میں نہ آنے والے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے ایف بی آر کے اقدامات پر زور دیا ۔
وفاقی وزیرنے سٹیل انڈسٹری کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے ملاقات میں وفد کو حکومت کی جانب سے مسلسل تعاون اور سازگار اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اور چیئرمین ایف بی آر کا تعاون کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔