حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، رانا مشہود احمد

117
حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، رانا مشہود احمد

اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں ٹیکنالوجی کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے گریجوایٹس کو جدید ترین تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا مسابقتی عالمی منظر نامہ میں ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اہم ہے، حکومت ملک کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

مائیکروسافٹ اور ایچ ای سی مستقبل کے ٹیک لیڈروں کے لئے کلیدی اقدامات شروع کر کے اکیڈمیا،انڈسٹری فرق کو ختم کرنے کے لئے متحدہو گئے ،اس حوالے سے برجنگ دی اکیڈمیا-انڈسٹری گیپ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ۔پر وگرام کے مہمان خصوصی چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اورچیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمدتھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے پاکستان کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے میں ٹیکنالوجی کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے گریجوایٹس کو جدید ترین تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرنا مسابقتی عالمی منظر نامے میں ان کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لئے اہم ہے،پروف ایجوکیشن سسٹم ان تقریبات کے انعقاد کے لئے مائیکروسافٹ کی خدمات اور کر دار قابل تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا راز نوجوانوں کو اعتماد، پلیٹ فارم اور وسائل دینے میں مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوان ملک میں بے شمار چیلنجز کے باوجود دنیا بھر میں نام کما رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو تسلیم کر رہی ہے کیونکہ جب بھی مواقع فراہم کئے جاتے ہیں وہ خود کو ثابت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی مائیکرو سافٹ پارٹنرشپ کے تحت پراجیکٹس میں پاکستانی طلباء کی کامیابی اس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ تکنیکی ترقی کے دور میں ملک بھر میں جدت طرازی کی حمایت کرنا قومی ترقی کی کنجی ہے اور حکومت ملک کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے اہم ہیں۔ انہوں نے ملک میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی کلچر کو فروغ دینے کے علاوہ پروگرام کے تحت متعدد منصوبوں پر عملدرآمد کرنے پر ایچ ای سی کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں کو جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرنے کے لئے مائیکروسافٹ کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی اہمیت کو بھی تسلیم کیا۔

حکومت نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے لئے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے، رانا مشہود احمد

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ کوئی بھی ملک تکنیکی میدان میں ترقی کئے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، اس سے فائدہ اٹھانے کے لئے تکنیکی ترقی کے مثبت پہلو کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی کی کوششیں نوجوانوں کی ترقی پر مرکوز ہیں، جو قوم کا مستقبل ہیں ۔ ایچ ای سی-مائیکروسافٹ پارٹنرشپ کے تحت حاصل کی گئی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں شراکت داروں کی مل کر کام کرنے اور سنگ میل بنانے کی ایک طویل تاریخ ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی نے کہا کہ حکومت ایچ ای سی کی ہمیشہ معاونت کرتی رہی ہے کیونکہ اس نے اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بہت نتیجہ خیز سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایچ ای سی نے پاکستان ایجوکیشن اینڈ ریسرچ نیٹ ورک کے ذریعے تمام یونیورسٹیوں کو جوڑ دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محققین کو اپنی تحقیق کو آگے بڑھانے کے لئے ایچ ای سی ڈیجیٹل لائبریری کے ذریعے عالمی معیار کے جرائد تک آسانی سے رسائی حاصل ہے۔

تقریب میں مختلف یو نیورسٹیز کے وائس چانسلرز کی مو جو دگی میں مائیکروسافٹ کوپائلٹ، مائیکروسافٹ لرن فار ایجوکیٹرز اور مائیکروسافٹ فار اسٹارٹ اپس – فاؤنڈرز ہب کے اجراء کا مشاہدہ کیا گیا۔اس موقع پر مائیکروسافٹ کے ڈائریکٹر ایجوکیشن انڈسٹری، وسطی یورپ مشرق وسطیٰ اور افریقہ جے رچرڈز ہل نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ٹیکنالوجی اکیڈمی اور صنعت کے درمیان ایک طاقتور پل ثابت ہو سکتی ہے۔

طلباء کو جدید ترین ٹولز اور ٹیکنالوجیز سے آراستہ کرکے،صنعتی رہنماؤں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے کرہم بے روزگاری کے خاتمے کیساتھ ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں ۔اس موقع پر جبران جمشید نے ورلڈ ٹیلنٹ انیشی ایٹو کے ایک حالیہ سروے پر روشنی ڈالی جس میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیزی سے بدلتے ہوئے کام کی جگہ کی تصویر کشی کی گئی ہے۔سروے میں اے آئی کو اپنانے میں نمایاں اضافہ کا انکشاف ہوا ہے جس میں حیران کن طور پر 75فیصد نالج ورکرز اپنے روزمرہ کے کاموں میں اے آئی ٹولز کا استعمال کر رہے ہیں۔

جبران جمشید نےمزید کہا کہ کمپنیاں اب بھرتی کرتے وقت AI مہارتوں کو ترجیح دے رہی ہیں، ملازمین مسابقتی رہنے کے لیےلنکڈ ان لرننگ جیسے پلیٹ فارم کے ذریعے فعال طور پر خود کو بہتر کر رہے ہیں ۔لنکڈ ان نے تنظیموں کے لیے ایک نیا AI اسکلنگ فریم ورک متعارف کرایا ہے، جو ہر سطح پر پیشہ ور افراد کو ان کی AI مہارت کو بڑھانے میں مدد کرنے کے لیے 50 سے زیادہ مفت سیکھنے کے کورسز پیش کرتا ہے۔

تقریباً 46 فیصد نے پچھلے چھ مہینوں کے اندر ان ٹولز کو ا پنایا جس سے AI انضمام میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ GIKI طلباء کی ایک گروپ ٹیم سائن ساتھی کا پروجیکٹ امیجن کپ کے عالمی سیمی فائنل تک پہنچا۔ تقریب میں اعلیٰ امیجن کپ پراجیکٹس کو معززین کے سامنے پیش کیا گیا۔تقریب کا آغاز ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر ضیاء القیوم کے خطبہ استقبالیہ سے ہوا۔