ملک بھر میں دودھ کا عالمی دن کل منایا جائے گا

173
World Milk Day
World Milk Day

فیصل آباد۔ 31 مئی (اے پی پی):فیصل آباد سمیت ملک بھر میں دودھ کا عالمی دن آج یکم جون بروزہفتہ کو منایا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا ئے گا جس میں صحت بخش اور توانائی سے بھرپور دودھ کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی جا ئے گی۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال یکم جون کو دودھ کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ عالم انسانیت کو صحت و توانائی کے چھلکتے ہوئے ذخیرے کی اہمیت اور افادیت سے آگاہ کیا جائے جبکہ عالمی دن منانے کا فیصلہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت نے کیا۔

سال2001 میں اقوام متحدہ نے دودھ کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا جس کا مقصدعوام الناس کی نظروں میں دودھ کی اہمیت اور افادیت کو اجاگر کرنا ہے کیونکہ روزمرہ زندگی میں ہم دودھ کو صحت کے بھرپور فوائد سے منسلک سمجھتے ہیں۔ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ فیصل آباد ڈاکٹراسفند یارنے بتایا کہ دودھ اور دودھ سے بنی ہوئی مصنوعات نہ صرف کیلشیم سے بھرپور بلکہ ذائقے دار بھی ہوتی ہیں جن سے ہمارے جسم کو کیلوریز جلا کر چمکتی ہوئی جلد پانے کا سنہری موقع ملتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مضبوط ہڈیوں اور دانتوں کیلئے کیلشیم ایک ضروری عنصر ہے جس سے ہمیں پٹھوں کی حرکت اور اعصابی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملتی ہے جبکہ دودھ کیلشیم کا خزانہ ہے،دوسری جانب دودھ وٹامن ڈی سے بھی بھرپور ہے جو عمر رسیدگی کے عمل کو سست کرتا اور ذہنی دباؤ کے خلاف بھی کارگر ثابت ہوتا ہے نیزاس میں شامل وٹامن ڈی اور کیلشیم دونوں ہڈیوں کیلئے فائدہ مند ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹھنڈا دودھ موسچرائزر کے طور پربھی استعمال کیا جاتا ہے جس سے جلد کی پی ایچ کی سطح معتدل اور جلد صحت مند و چمکدار ہوجاتی ہے۔