جام پور 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ ، 4 افراد جا ں بحق ، 2 زخمی

118
Firing

راجن پور ۔ 02 جون (اے پی پی):جام پورکے علاقہ پچادھ کے مڈ رندان میں زمین کے تنازعہ پر ایک ہی برادری کے 2 گروپوں کے درمیان فائرنگ نتیجے میں دونوں گروپ کے 4 افراد جا ں بحق ہوگئے جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق اور زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال جام پور منتقل کردیاگیا، واقعہ کی اطلاع پر مقامی پولیس بھاری نفری کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئی اور قانونی کارروائی کا آغاز کردیاگیا، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سرد خانہ پہنچا دیا گیا۔

ڈی پی او راجنپور کیپٹن ر دوست محمد نے بتایاکہ علاقہ پچادھ کے مڈ رندان میں رند برادری کے دوگروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد، عاصم، احسن، کلیم اللہ، اور خادم حسین جاں بحق ہوگئے جبکہ شاہ نواز اور ایک نامعلوم زخمی ہوگیا جن کو ریسکیوکرکے ٹی ایچ کیو ہسپتال جام پور منتقل کردیا گیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ہڑند پولیس بھی پہنچ گئی جس نے قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں رکھوا دیا ہے واقعہ کے بعد علاقہ میں سخت کشیدگی کی فضاء ہے حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے علاقہ میں اور ہسپتال میں مقامی پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

علاؤہ ازیں آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے راجن پور کے تھانہ ہڑند کی حدود میں زمین کے تنازعہ پر 4 افراد کے قتل اور 2 افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او راجن پور سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

آر پی او نے ڈی پی او راجن پور کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔آر پی او نے ہدایات جاری کیں کہ فرانزک ٹیموں کی مدد سے واقعہ کی تحقیقات عمل میں لائی جائیں ۔ ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے کر ریڈ کیے جائیں۔ ڈی پی او خود متاثرہ فیملیز سے قریبی رابطہ رکھیں اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ قبل ازیں وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔