ملک آگے بڑھ رہا ہے، مہنگائی 39 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے، سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے، عرفان الحق صدیقی

108

اسلام آباد۔10جون (اے پی پی):سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا ہے کہ ملک آگے بڑھ رہا ہے، مہنگائی 39 فیصد سے کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے، سٹاک مارکیٹ میں بہتری آئی ہے، اپوزیشن کو عدالتوں سے ریلیف مل رہا ہے، مایوسی کی باتیں نہ پھیلائی جائیں۔ پیر کو ایوان بالا کے اجلاس میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے اٹھائے جانے والے نکات کا جواب دیتے ہوئے سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا کہ قائد حزب اختلاف نے حالات حاضرہ پر روشنی نہیں بلکہ اندھیرا ڈالا کیونکہ انہیں ہر طرف مایوسی، بحران، نا امیدی اور تباہی و بربادی نظر آتی ہے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے یہ تمام چیزیں شاید ان کے ارد گرد ہوں یا ان کی جماعت محسوس کر رہی ہو لیکن ملک اس کیفیت کا شکار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل ایک ہی معتبر سروے آیا ہے کہ نوجوانوں میں امید کے گراف میں بتدریج اضافہ ہوا ہے، 39 فیصد مہنگائی تھی جو اب 11 فیصد پر آ گئی ہے، ہماری سٹاک ایکس چینج 80 فیصد تک پہنچ گئی ہے، ادارے چل رہے ہیں، عدالتیں چل رہی ہیں، اپوزیشن کو عدالتوں سے ریلیف مل رہا ہے، پارلیمنٹ چل رہی ہے، یہ پارلیمنٹ میں خطاب کر رہے ہیں، قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی لے رہے ہیں،

ان سب کے ہوتے ہوئے بحران کہاں ہے یا ملک کے کون سے حصے میں اضطراب کی لہریں اٹھ رہی ہیں، ملک کا کون سا حصہ ہے جس میں ان کے لئے ہمدردی کا لاوا ابل رہا ہے جس کو یہ کہتے ہیں یہ تباہی و بربادی نہیں سرمایہ کاری آ رہی ہے، ملک آگے بڑھ رہا ہے، یہ ہمارے ساتھ یہاں بیٹھے ہوئے ہیں، ہم ان کی قدرو منزلت کرتے ہیں، یہ نظام کی مضبوطی کے لئے یہاں پر بیٹھے ہیں، اپنے تمام خدشات کو بھول کر اس کا حصے بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا چاہتا ہوں کہ خدانخواستہ ملک تباہی کی طرف نہیں جا رہا اور یہ مایوسی کی باتیں نہ پھیلائی جائیں۔