کراچی۔ 17 جون (اے پی پی):پی ائی اے انتظامیہ نے اپنے ہم وطنوں کو عید الاضحیٰ کی تہہ دل سے مبارک باد پیش کرتے ہو ئے کہا ہے کہ عید پر سنت ابراہیمی کے ادائیگی کے بعد جانوروں کی آلائشیوں کو صحیح طریقے سے تلف کریں یا صرف مقرر کردہ جگہوں پر پھینکیں۔
ترجمان پی آئی اے عبداللہ خان نے عید الاضحیٰ کے موقع پر پی آئی اے کی جانب سے اہم پیغام میں مزید کہا ہے کہ قربانی کے ایام کے فوری بعد آلائشوں کی وجہ سے مردہ خور پرندوں کی نقل و حمل میں بہت اضافہ ہو جاتا ہے ،یہ پرندے سول و عسکری ہوابازی کیلئے بہت بڑا خطرہ بنتے ہیں اور ان کی وجہ سے قیمتی جانوں یا طیاروں کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہر سال طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے کئی سو واقعات ہوتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ یہ آلائشیں اور شہری آلودگی پے،صرف پی آئی اے کے طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے سال کے شروع سے اب تک 150 سے زائد واقعات ہوچکے ہیں
،جہاز کے حساس حصوں سے پرندے ٹکرانا عملہ اور مسافروں کیلئےجان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ عوام الناس سے درخواست ہے کہ تھوڑی احتیاط کیجئے، آپ کی یہ کاوش کئی قیمتی جانیں اور ملک و قوم کا کثیر سرمایہ بچا سکتی ہے۔